جسٹس (ر)جاویداقبال اگرقمرزمان چوہدری ثابت ہوئےتوعوام سڑکوں پرہوگی،عمران خان

نیب شریف فیملی کے وی آئی پی احتساب پر ایکشن لے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکاہے،فضل الرحمن مجھے یہودی، خواجہ آصف مذہبی آدمی کہتے ہیں،خیبرپختونخواہ میں دوبارہ ڈینگی مچھرنہیں آنے دیں گے،2018ء میں چاروں صوبوں میں حکومت بناکر پاکستان سرسبزکردینگے،چیئرمین پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

منگل 10 اکتوبر 2017 16:36

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اکتوبر ء): تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ جسٹس (ر)جاوید اقبال اگرقمرزمان چوہدری ثابت ہوئے توعوام سڑکوں پرہوگی،نیب شریف فیملی کے وی آئی پی احتساب پر ایکشن لے،خورشید شاہ پرخودکرپشن کیسزہیں،ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکاہے،فضل الرحمن مجھے یہودی جبکہ خواجہ آصف مذہبی لابی کاآدمی کہتے ہیں،خیبرپختونخواہ میں دوبارہ ڈینگی مچھرنہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔چاہتے ہیں چیئرمین نیب کی تعیناتی فیصلہ ہماری مشاورت سے ہوتا۔چیئرمین نیب کی کارردگی کودیکھیں گے۔

(جاری ہے)

وی آئی پی احتساب پرنیب ایکشن لے،اگران کاوی آئی پی احتساب ہواتوعوام کوسڑکوں پرنکالوں گا۔نئے چیئرمین نے احتساب کردیاتوعوام میں پذیرائی ملے گی۔

لیکن اگرجسٹس رجاوید اقبال بھی قمرزمان چوہدری ثابت ہوئے توعوام سڑکوں پرہوگی۔ن لیگ اور پیپلزپارٹی آپس میں ملی ہوئی ہے دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکاکیاہواہے۔خورشید شاہ پرخودکرپشن کیسزہیں۔انہوں نے کہاکہ شریف فیملی ابھی تک نی ٹریل ثابت نہیں کرسکی۔ان کی ٹرسٹ ڈیڈ اور قطری خط بھی جعلی نکلا۔انہوں نے کہاکہ مولانافضل الرحمن مجھے یہودی کہتاہے جبکہ خواجہ آصف بیرون ملک جاکرمجھے مذہبی لابی کادینی آدمی کہتاہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرمپ افغانستان میں ناکامی کاملبہ پاکستان پرڈال رہے یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ،جب چارسالوں میں نوازشریف جووزیرخارجہ تھا،اس کواپنی کرپشن بچانے کی فکرتھی۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں دوبارہ ڈینگی مچھرنہیں آنے دیں گے۔اس سے قبل انہوں نے آج گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ساتویں نمبرپرہے جودنیا میں سب سے زیادہ گلوبل وارمنگ سے متاثرہیں۔

پچھلے سال 5انچ بارش کم اور 2ڈگری گرمی بڑھ گئی ہے۔اگر یہی چلتارہاتولوگوں کارہنامشکل ہوجائے گا۔ہم نے تین سال میں ایک ارب درخت لگانے کافیصلہ کیاتھا۔اب یہ درخت بیس بیس فٹ اونچے ہوگئے ہیں۔ تحریک انصاف الیکشن 2018ء میں سارے صوبوں یعنی پور ے پاکستان میں حکومت بنائے گی توپورے پاکستان سرسبزکردیں گے۔عمران خان نے کہاکہ چھانگا مانگا بہت بڑاجنگل ہے پنجاب میں ایک ہے۔

جبکہ ہم نے 40چھانگا مانگاجنگل اگائے ہیں ۔چھانگامانگا میں نوازشریف نے پہلی بارسیاستدانوں کی خریدوفروخت کی تھی۔اس لیے چھانگا مانگا مشہورہوگیا۔بلین ٹری سونامی پردنیانے ہماری تعریف کی ۔دنیا کی چارانٹرنیشنل تنظیموں نے ہمارے اس پروگرام کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ انسان اشرف المخلوقات ہے۔لیکن جب انسان بدترہوجائے ۔توجانوروں سے بھی نیچے چلاجاتاہے۔

کیونکہ جانورکھائے توپیٹ بھرجاتاہے لیکن انسانوں کاتوپیٹ ہی نہیں بھرتا۔اب میں نوجوانوں میں سیاسی شعوردیکھ رہاہوں۔یونیورسٹی سے فارغ التحصیل نوجوان جوسوچے گاوہ حاصل کرسکتاہے۔عمران خان نے کہاکہ 9سال کاتھا میں نے فیصلہ کیابہترین ٹیسٹ کرکٹ بن گیا، پھرسوچاکہ کپتان بنوں گاتوبن گیا۔دوبڑے کزنز جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔وہ کہتے تھے کہ مجھ میں ٹیلنٹ نہیں ہے۔

جب تک انسان ہارنہیں مانتاتب تک ہارانسان کونہیں ہراسکتی۔انہوں نے کہاکہ کامیابی کارازبراوقت ہے برے وقت سے گھبرانانہیں ،براوقت آپ کوجائزہ لینے کی صلاحیت دیناہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے ساری دنیاپھری لیکن پاکستان جیساملک دنیامیں نہیں دیکھا۔ملائشیاء ،ساؤتھ کوریانے پاکستان سے ترقی کاماڈل لیا۔پی آئی اے بہترین ایئرلائن تھی۔پی آئی اے نے ایمریٹس ،سعودی ایئرلائن ،سنگاپورایئرلائن بنائی۔

پاکستان سب سے تیزی سے ترقی کررہاتھا۔لیکن ہم نے پاکستان کوٹھیک کیسے کرناہے۔دریاؤں کوصاف کرناہے۔درخت اگانے ہیں۔نبی پاک ﷺنے فرمایاکہ صفائی نصف ایمان ہے۔لیکن یہاں 90فیصد ملک میں سیوریج سسٹم ہی نہیں ہے۔عمران خان نے کہاکہ قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے،سپریم کورٹ فیصلہ کرے اگلاکہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ آپ کازیادہ نہیں صرف 300ارب روپے باہرپڑے ہوئے ہیں آپ کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا؟ ہم سواسال سے پوچھتے ہیں کہ یہ پیساکیسے کمایا؟مریم بی بی کہتی ہیں میری اور نہ ہی میری فیملی کی باہرچھوڑیں پاکستان میں بھی فیملی نہیں ۔

لیکن ان کے 29گھرہیں۔طاقتوراور کمزورکیلئے الگ الگ قانون ہیں ۔یہ اس لیے کہاکہ آصف زرداری سینماکے ٹکٹ بلیک میں بیچاکرتاتھا۔ایک لاکھ ایکڑزمین ،19شوگرملزہیں۔عزیربلوچ نے بیان دیا کہ13شوگر ملزپر قبضہ کرکے آصف زرداری کودیا۔اسی لیے نوازشریف کہتاہے کہ مجھے کیوں نکالا،جبکہ آصف زرداری توپھررہا ہے۔عمران خان نے کہاکہ پانچ رکنی بنچ نے نااہل قراردیالیکن موجودہ وزیراعظم کہتاہے کہ نوازشریف ابھی بھی میراوزیراعظم ہے۔ہم اپنی حکومت میں پاکستان میں میرٹ کاسسٹم لیکرآئیں گے۔