کیپٹن( ر ) صفدر کا فوج میں قادیانیوں کی بھرتی پر پابندی کیلئے قرارداد لانے کا اعلان

قائداعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب شعبہ فزکس کا نام بھی تبدیل کیا جائے، عدلیہ میں بیٹھے لوگوں سے بھی ختم نبوت سرٹیفیکیٹ پر دستخط لینے چاہئیں،سیاسی جماعتیں ٹکٹ دیتے ہوئے اپنے امیدواروں سے ختم نبوت کے سرٹیفکیٹ پر حلف لیں،مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کا ایوان زیریں میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 10 اکتوبر 2017 20:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اکتوبر ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے داماد اورمسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے افواجِ پاکستان میں قادیانیوں کی بھرتی پر پابندی کے لیے قرارداد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب فزکس ڈپارٹمنٹ کا نام بھی تبدیل کیا جائے، عدلیہ میں بیٹھے لوگوں سے بھی ختم نبوت سرٹیفیکیٹ پر دستخط لینے چاہئیں ،سیاسی جماعتیں ٹکٹ دیتے ہوئے اپنے امیدواروں سے ختم نبوت کے سرٹیفکیٹ پر حلف لیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار کیا کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں فوج سمیت کسی بھی محکمے میں اعلی عہدوں میں بیٹھے ہوئے احمدی ملک کے لیے خطرہ ہیں اس لیے انھیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا کہ احمدی ملک کے لیے زہر قاتل ہیں۔انھوں نے اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب فزکس ڈپارٹمنٹ کا نام بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں وہ اس پر احتجاج کریں گے اور روزانہ قومی اسمبلی میں اس حوالے سے یاد دہانی کروائیں گے ۔ کیپٹن(ر) صفدر نے عدلیہ میں بیٹھے لوگوں سے بھی ختم نبوت سرٹیفیکیٹ پر دستخط لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انصاف کی کرسی پر کسی بھی ایسے شخص کو نہیں بٹھانا چاہیے جس کا تعلق احمدی برادری سے ہو۔انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتیں بھی ٹکٹ دیتے ہوئے اپنے امیدواروں سے ختم نبوتؐکے سرٹیفکیٹ پر حلف لیں۔