وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری دیدی گئی

منگل 10 اکتوبر 2017 19:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اکتوبر ء) وفاقی کابینہ نے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پارسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزہ ختم کرنے کے معاہدہ کے مذاکراتی مسودہ پر دستخط کی منظوری دی۔

اجلاس نے سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچائو اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالہ سے مالیاتی اجتناب کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور بلغاریہ کی زرعی اکیڈمی کے درمیان زرعی تحقیق کے میدان میں سائنسی و تکنیکی تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی ای) کے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کے تقرر کی منظوری دی جبکہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ویلفیئر سیٹیزن بل 2017ء پر بھی غوروغوض کیا، مجوزہ بل کا مقصد بزرگ شہریوں کو سہولت دینا اور ان کی ضروریات پورا کرنا ہے۔