چوہدری نثار اور نوازشریف کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار رہی ،گلے شکوئوں کی قیاس آرائیاں مسترد

ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی بیماری ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنسز کے قانونی پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کوئی گلے شکوے نہیں ہوئے بلکہ یہ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ،قریبی ذرائع سابق وزیر داخلہ

پیر 25 ستمبر 2017 21:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر ۔2017ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع نے چوہدری نثار اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کو انتہائی خوشگوارقرار دیتے ہوئے گلے شکوئوں کی قیاس آرائیاں مسترد کر دیں اور کہا کہ ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی بیماری ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنسز کے قانونی پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیر کو سابق وفاقی وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع نے چوہدری نثار کی سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دونوں کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور انتہائی اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے مفصل بات کی گئی جس دوران نواز شریف نے آگاہ کیا کہ ان کے گلے کی تیسری سرجری ہوئی ہے جو کامیاب رہی اور اب وہ رویہ صحت ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے نجی ٹی وی چینلز کی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جن میں نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان گلے شکوے ہونے کے دعوے کئے گئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں کوئی گلے شکوے نہیں ہوئے بلکہ یہ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے قانونی پہلوئوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔