آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل‘نوازشریف کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے-چوہدری نثار اور نوازشریف کی تنہائی میں ملاقات ‘گلے شکوے دور-وزیراعظم کی بھی ملاقات، احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نوازشریف پنجاب ہاﺅس میں پریس کانفرنس کریں گے-کارکنوں کو احتساب عدالت نہ بلایا جائے گا اور نہ ہی روکا جائےگا۔اجلاس میں لائحہ عمل طے

پیر 25 ستمبر 2017 16:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2017ء)سابق وزیر اعظم نواز شریف سے چوہدری نثار علی خان ڈیڑھ ماہ بعد ون ٹو ون ملاقات ، پارٹی صدارت سمیت دیگر پارٹی میں گروپ بندی کے حوالے سے شدید تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ نواز شریف نے بھی چوہدری نثار کے تمام گلے شکوے ہنستے مسکراتے ہوئے دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ پیر کے روز نواز شریف سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی جس میں چوہدری نثار نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اوران کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی نواز شریف سے ون آن ون ملاقات میں ملک کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی چوہدری نثار نے نواز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور پارٹی صدارت کے معاملے سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا چوہدری نثار نے نواز شریف کی بروقت واپسی کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے (ن) لیگ اور متحد ہوگی اور شکوک و شبہات دم توڑ جائینگے واضح رہے نواز شریف سے چوہدری نثار کی یہ ملاقات 45دن بعد ہورہی ہے اور اس ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا ہے نواز شریف نے چوہدری نثار کے تمام تحفظات کے ازالہ کی یقین دہانی کراتے ہوئے نواز شریف کے ساتھ چلنے پر زور دیا جبکہ چوہدری نثار نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سابق وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے حکومتی معاملات پر نواز شریف کو بریفنگ دی، ملاقات میں ملک میں سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو سراہا۔ پیر کو نواز شریف سے شاہد خاقان عباسی نے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔

شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں ملک میں سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے حکومتی معاملات پر نواز شریف کو بریفنگ دی، نواز شریف کی نیب عدالت میں پیشی پر بھی بات چیت ہوئی۔ نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو سراہا۔

سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے،عدالت میں پیشی کے بعد پریس کانفرنس کریں گے،شریف فیملی متحد ہے جبکہ اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ شریف فیملی متحد ہے جبکہ اختلافات کی خبریں بے بنیادہیں۔نوازشریف کل نیب عدالت میں پیش ہوں گے۔

پیشی کے بعد نیوزکانفرنس بھی کریں گے۔ واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کوذاتی حیثیت میں طلب کررکھاہے۔ تاہم نوازشریف کے بچے تاحال لندن میں ہیں ۔جس کے باعث ان کاعدالت میں پیش نہ ہونے کاامکان ہے۔عدم پیشی پرقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں۔تاہم نوازشریف نیب عدالت میں پیشی کے بعد نیوزکانفرنس کریں گے۔

اسی طرح آج قائد ن لیگ نوازشریف کے سمدھی اسحا ق ڈاراحتساب عدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔مزید برآں ن لیگ کے قائد محمد نوازشریف آج لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ نوازشریف نے پنجاب ہاؤس اسلام آبادمیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،چوہدری نثارسمیت پارٹی رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔ جن میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔پارٹی رہنماؤں نے نوازشریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکی خیریت دریافت کی۔

متعلقہ عنوان :