پاک فضائیہ نے مسلح افواج کیساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا،ایئرچیف مارشل سہیل امان

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ،اس کے باوجود پاکستان کا خطے میں امن کے قیام کے لیے عزم متزلزل نہیں ہوا،پاک فضائیہ کے سربراہ کی آذربائیجان کے سرکاری دورے کے موقع پر حکومتی وزراء اور فوجی عہدیداران سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار ستمبر ء)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے مسلح افواج کیساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ،اس کے باوجود پاکستان کا خطے میں امن کے قیام کے لیے عزم متزلزل نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ایئر چیف نے آذربائیجان کے سرکاری دورے کے دوران حکومتی وزراء اور فوجی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔اس دورے کے آغاز میں ائیر چیف نے آ ذربائیجان کے قومی راہنما حیدر علیوف اور ان کی اہلیہ ظریفہ علیوف کے مزار پر چادر چڑھائی۔ بعد ازاں انہوں نے جمہوریہ آذربائیجان کے ڈپٹی پرائم منسٹر یعقوب ایوبوف اور ہنگامی صورتحال کے وزیر کمال الدین حیدروف سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ان ملا قاتوں کے دوران ائیر چیف نے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور اسے نئی جہتوں سے روشناس کرانے کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے نیگورنو کارا با خ کے مسئلے پر پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر مشکل میں آذربائیجان کا ساتھ دے گا۔انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر آذربائیجا ن کی جانب سے پاکستان کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ائیر چیف نے کمانڈر آذربائیجان ائیر فورس ، لیفٹیننٹ جنرل رمیز طاہروف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر ایک ساتھ رہیں اور پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ائیر چیف نے آذربائیجان کے ساتھ ہونے والے سٴْپر مشاک تربیتی جہاز کی فراہمی کے معاہدے کو بروقت مکمل کرنے کا یقین دلایا اور آذربائیجان ائیر فورس کے عملے کو پاک فضائیہ کے مختلف تربیتی اداروں میں ٹریننگ فراہم کرنے پر بھی بات کی۔

بعد ازاں ، ائیر چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی ملٹری اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں انہوں نے "Application of Airpower in Asymmetric Warfare" کے موضوع پر لیکچر دیا۔لیکچر کے دوران ائیر چیف نے کہا کہ ائیر پاور اپنی بنیادی خصوصیات کی وجہ سے اس طرح کی جنگوں میں بہت اہمیت کی حامل ہے اور مختلف طرح سے استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے۔ تاہم اس کے باوجود پاکستان کا خطے میں امن کے قیام کے لیے عزم متزلزل نہیں ہوا۔