عمران خان سے بابر اعوان کی ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات کے حوالے سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا کرپٹ حکومت ملک کو نقصان اور ایک خاندان کو فائدہ پہنچا رہی ہے ،پاکستان کا عالمی وقار بحال کریں گے‘ سربراہ پی ٹی آئی

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار ستمبر ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات کے حوالے سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات تقریباًڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ کرپٹ حکومت ملک کو نقصان اور ایک خاندان کو فائدہ پہنچا رہی ہے جبکہ ہم پاکستان کا عالمی وقار بحال کریں گے۔بابر اعوان کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے ادارے مضطوط کئے اور آئین کی رکھوالی کی اور ہم کرپٹ مافیا کو قانون کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات کے حوالے سے عمران خان کو بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور عمران خان کی جانب سے بابراعوان کو 25 ستمبر کو شوکاز کا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔