لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور سرحدی خلاف ورزی کا ہمیشہ ہی بھرپور اور موثر جواب دیا جاتا ہے‘

بھارت ہمارے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی آرمی کے مورچوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے وزیر دفاع انجنیئر خرم دستگیر خان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:15

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار ستمبر ء) وزیر دفاع انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور سرحدی خلاف ورزی کا ہمیشہ ہی بھرپور اور موثر جواب دیا جاتا ہے‘ بھارت ہمارے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی آرمی کے مورچوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی گولہ باری کے جواب میں بھارت میں بھی لوگ مارے جاتے ہیں لیکن وہ اسے مشتہر نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور وزیردفاع کہتا ہوں کہ بھارت ہمارے صبر کا امتحان نہ لے تو یہی بہتر ہے اور ہمارے ڈی جی ایم او نے بھی بھارت کو یہی بات باور کرائی ہے کہ یہ بات اب یہیں بند کر دیں تو بہتر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اسٹریٹجک کمیونیکیشن کو بہتر بنا رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کا پاکستان سے دراندازی کا الزام بالکل غلط اور جھوٹ ہے کیونکہ اب تو بھارتی سرکاری ذرائع بھی تصدیق کر رہے ہیں کہ پاکستان سے دراندازی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نام تو پاکستان کا لیتا ہے لیکن حقیقت میں ٹارگٹ چین کو کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2009ء والا پاکستان نہیں ہے کیونکہ اب پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے لڑا ہے جبکہ آپریشن ردالفساد بھی کامیابی سے جاری ہے جس سے دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے۔