تحریک انصاف کااتوار بازا رحادثہ کمیٹی کی مالی امداد کی سفارشات پر فوری عمل کا مطالبہ

اسلام آباد کی انتظامیہ جلد از جلد تمام متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو مکمل کرے اور ان کے مالی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے ،حکومت ان دونوں واقعات کی تحقیقات کے لیے کوئی عدالتی جج مقرر کرے جو حقیقت کا تعین کر سکے ، سافٹ ویئر کمپنیوں کو اپنا کام جاری رکھنے کے لیے متبادل جگہ دی جائے ،تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرکی گفتگو

منگل 12 ستمبر 2017 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ ستمبر ء)تحریک انصاف نے حادثہ کمیٹی کی مالی امداد کی سفارشات پر فوری عمل کا مطالبہ کیا ہے۔ تاکہ لوگوں کے مالی نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و ایم این اے اسد عمر نے منگل کے روز اتوار بازار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ جلد از جلد تمام متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو مکمل کرے اور ان کے مالی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔

حکومت ان دونوں واقعات کی تحقیقات کے لیے کوئی عدالتی جج مقرر کرے جو حقیقت کا تعین کر سکے۔ سافٹ ویئر کمپنیوں کو اپنا کام جاری رکھنے کے لیے متبادل جگہ دی جائے۔ اپنے دورے میں انہوں نے حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمدرآمد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے حادثات کے پیش نظر اسلام آباد میں کوئی مناسب انتظام موجود نہ ہونے کے خدشے کا اظہار پہلے بھی کیا تھا لیکن انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کی بدولت عوامی مرکز میں لگی آگ پر قابو نا پایا جا سکا اور اس بار انسانی جانوںکا ضیاع ہوا جو انتہائی قابل افسوس ہے۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اربوں روپے کے پروجیکٹس بغیر کسی ٹینڈر کے شروع کر دیے لیکن غریبوں کی دکانوں کا معاملہ آیا تو مالی ازالے کے لیے ٹینڈرز کے چکر میں پڑ گئی جو ایک مجرمانہ تاخیری حربہ ہے۔ میئر صاحب کو اگر سابقہ نااہل وزیراعظم کے پوسٹرز لگانے سے فرصت مل جائے تو اسلام آباد کی عوام کے لیے بھی کچھ کر لیں۔ اس موقع پر ایم سی آئی اپوزیشن لیڈر علی اعوان اور اسلام آباد ریجن کے صدرراجہ خرم نواز بھی اسد عمر کے ہمراہ تھے۔