نواز شریف کی نیب میں پیشی کے معاملے پر سیاسی رفقاء ، لیگل ٹیم سے مشاورت

نظر ثانی اپیلوں پر فیصلہ ہونے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ ،نیب کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا نواز شریف کی سینئر کارکنوں کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے والد میاں محمد شریف مرحوم کی قبر پر بھی حاضری ، فاتحہ خوانی کی

جمعہ 18 اگست 2017 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اگست ء)سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی نیب میں پیشی کے معاملے پر سیاسی رفقاء اور لیگل ٹیم سے مشاورت‘نظر ثانی اپیلوں پر فیصلہ ہونے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیب کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جاتی امراء رائے ونڈ میں سینیٹر پرویز رشید،وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان ، معروف قانون دان خواجہ حارث اورامجد پرویز ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے ملاقات کی۔

غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں نیب میں پیشی کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اورمختلف قانونی نکات زیر غور آئے ۔مسلم لیگ (ن)کے ذرائع کے مطابق سب کی رائے ہے کہ جب تک نظر ثانی اپیلوں پر فیصلہ نہیں آجاتا اس وقت تک نیب ریفرنس کو تسلیم کرنے اور تفتیشی عمل کا حصہ بننے کا بھی کوئی جواز نہیں ۔

(جاری ہے)

بتایاگیا ہے کہ وکلا ء سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک پانامہ فیصلے پر نظر ثانی اپیلوں کا فیصلہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک نواز شریف اور ان کے خاندان کا کوئی فرد نیب کے سامنے پیش نہیں ہوگا ۔

مزید بتایاگیا ہے کہ شریف خاندان کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اس حوالے سے نیب کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پانامہ فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیلیں دائر کی جا چکی ہیںاور ان اپیلوں پر حتمی فیصلہ ہونے تک نیب کے سامنے پیش ہونے کا کوئی جواز نہیں۔علاوہ ازیں نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی جس میں سیاسی اور پارٹی امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، جمہوریت کے راستے پر چل کر ہی ملک کو آگے لے جا یا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :