وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارتی مظالم کی پرزور مذمت

مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی غرض سے بھارت کے مزموم عزائم کا نوٹس لیا جائے ،ْ اقوام متحدہ سے مطالبہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،ْبیان

جمعرات 17 اگست 2017 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء)وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی غرض سے بھارت کے مزموم عزائم کا نوٹس لیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی حکومت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے کہ ان کی جارحانہ پالیسیاں کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے اپنے جائز مطالبے سے کسی صورت ہٹا نہیں سکتیں۔ انہوں نے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں اور جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر حریت قیادت کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال کا نو ٹس لیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی غرض سے آبادی کی تناسب میں تبدیلیوں سے متعلق بھارت کے مزموم عزائم کا بھی نوٹس لے۔اس سلسلے میں وزیر خارجہ نے بھارتی آئین کے آرٹیکل35-Aمیں تبدیلی سے متعلق بھارتی حکومت کی کوششوں کا بھی حوالہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قرار دادوں اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوںکی خلاف ورزی ہے۔خواجہ آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔