نیب نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو 18 اگست کو نیب کے صوبائی ہیڈکواٹرزلاہور میں طلب کرلیا -نیب راولپنڈی نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی تیاری شروع کر دی- اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کے سلسلے میں بھی نیب نے ایس ای سی پی حکام کو طلب کر لیا

بدھ 16 اگست 2017 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء)نیب نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو 18 اگست کو نیب کے صوبائی ہیڈکواٹرزلاہور میں طلب کرلیا ہے- شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسوں کے سلسلہ میں بیانات ریکارڈ کرنے کے لئے نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو 18 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عزیزیہ سٹیل ملز کیسے بنی؟ فنڈز کہاں سے آئے؟ ملز ختم ہوئی تو فنڈز آگے کہاں اور کیسے منتقل ہوئے؟ ان سارے سوالات کے جوابات جاننے کے لئے نیب نے شریف خاندان کو طلب کر لیا۔

نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو 18 اگست کو لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی تیاری شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں نیب کی ٹیم عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں بیانات ریکارڈ کرے گی۔سپریم کورٹ نے نیب کو شریف برادران کے خلاف 3 ریفرنسز تیار کرنے کی ہدایت کی تھی جن میں سے ایک ریفرنس عزیزیہ سٹیل ملز پر دائر کیا جانا ہے۔

دیگر دو ریفرنسز شریف فیملی کے لندن فلیٹس اور 16 آف شور کمپنیوں سے متعلق تیار کئے جائیں گے۔جبکہ نوازشریف کے سمدھی اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کے سلسلے میں بھی نیب نے ایس ای سی پی حکام کو طلب کر لیا۔ نیب نے ایس ای سی پی کو اسحاق ڈار کی 7 کمپنیوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ نیب کا چیئرمین ایس ای سی پی کو جاری کردہ سمن کے مطابق ایس ای سی پی حکام کو 23 اگست کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ لاہور میں نیب کے دفتر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب حکام کی جانب سے اسحاق ڈار، انکی اہلیہ اور بیٹے مجتبیٰ کی کمپنیوں کا بھی ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ یہی نہیں، اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار اور اس کی اہلیہ کی کمپنیوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔