نواز شریف کی ریلی میں صحافیوں پر تشدد ، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ اندراج کیلئے تھانہ آبپارہ میں درخواست

جمعرات 10 اگست 2017 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی میں نجی ٹی وی چینل کی 2خواتین سمیت3صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے ، نقدی اور موبائل فون چھیننے کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ اندراج کے لئے تھانہ آبپارہ میں درخواست جمع کرا دی گئی۔

(جاری ہے)

تھانہ آبپارہ پولیس کو صفدر کلاسرا نے تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ بدھ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی کی کوریج کر رہا تھا کہ فیض آباد کے قریب ایک ایمبولینس ہجوم میں پھنسی تھی جس کی ویڈیو اپنے موبائل سے بنا رہا تھا اس دوران 15سے 20 نامعلوم افراد گاڑیوں سے اترے جنہوں نے تھپڑ مارے اپنا تعارف کرانے پر ایک شخص نے کہا کہ اسے مزید مارو جس کو سامنے آنے پر پہچان سکتا ہوں ، اس دوران 2خواتین صحافیوں نے چھڑانے کی کوشش کی تو نامعلوم افراد کی جانب سے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، نامعلوم افراد نے مدعی اور خواتین صحافیوں سے موبائل فون چھین لئے جبکہ مدعی کی جیب سے 30ہزار روپے نقدی بھی چھین لی اور موبائل واپس نہیں کئے۔

پولیس نے درخواست وصول کر لی۔ ایس پی سٹی زبیر احمد شیخ نے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔