نوازشریف اپنی بحالی کے لیے جدوجہد نہیں کررہے، جلوس کی رفتاربہت سست تھی،کل بہت تاخیرہوئی تواپنے رہنماں کی تقاریربھی ختم کروائیں، ہماری خواہش تھی دینہ اورجہلم میں وقت پرپہنچیں وہاں لوگ انتظارمیں تھے

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

جمعرات 10 اگست 2017 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی بحالی کے لیے جدوجہد نہیں کررہے، جلوس کی رفتاربہت سست تھی،کل بہت تاخیرہوئی تواپنے رہنماں کی تقاریربھی ختم کروائیں، ہماری خواہش تھی دینہ اورجہلم میں وقت پرپہنچیں وہاں لوگ انتظارمیں تھے۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر چودھری نثار کے نواز شریف کیساتھ پوسٹر لگے ہوئے ہیں، چودھری نثاربالکل ناراض نہیں، وہ اپنے معمول کے کاموں میں مصروف ہیں ، نوازشریف اپنی بحالی کے لیے جدوجہد نہیں کررہے بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ پہلے جو کچھ ہو چکا وہ تو گیا مگر آئندہ کبھی کوئی بھی عوام کے ووٹوں کی توہین نہ کر سکے اور کوئی بھی پارٹی اقتدار میں آئے چاہے ہمارے مخالفین ہی کیوں نہ ہوں تو وہ ہر صورت اپنی آئینی مدت پوری کریں ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ عمران نے انتخابات میں74 لاکھ ووٹ لیے مگر انہوں نے اپنے ووٹوں کی قدر نہیں کی اور مہرہ بن گئے ہیں،لوگوں نے نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کوقبول نہیں کیا، کل سے ریلی کی رفتار بہت سست تھی جبکہ ہماری خواہش تھی کہ آگے دینہ اورجہلم میں وقت پرپہنچیں وہاں لوگ انتظارمیں تھے جس کیلئے پھر ہم نے اپنے کچھ رہنمائوں کی تقریریں بھی منسوخ کروائیں اور قافلے کی رفتار کو تیز کیا ۔