ایف بی آئی کا امریکی صدر کے قریبی ساتھی کے گھر پر چھاپہ

جمعرات 10 اگست 2017 10:30

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے اہلکاروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق چیئرمین پال مینفرٹ کے ورجینیا میں واقع گھر پر چھاپا مارا تھا۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اس کارروائی کا تعلق امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے جاری تحقیقات سے بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے چھاپے کے دوران نہ صرف اہم دستاویزات بلکہ دیگر مواد بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ مینفرٹ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی سربراہی سے اس وقت مستعفی ہو گئے تھے جب ان پر یوکرین کی سابق روس نواز حکومت سے بڑی رقوم خفیہ طور پر حاصل کرنے کے الزامات سامنے آئے تھے۔ امریکی انتخابات میں روس کی مداخلت کے حوالے امریکی محکمہ انصاف کی تحقیقات میں پال مینفرٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔