پاکستانی مدرٹریسا ڈاکٹررتھ فاﺅ شدید علالت کے بعد انتقال کرگئیں

جمعرات 10 اگست 2017 16:04

 کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) پاکستانی مدرٹریسا ڈاکٹر رتھ فاﺅ شدید علالت کے باعث نجی ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملیں ان کی عمر88سال تھی۔جرمنی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر رتھ فاﺅ 9 ستمبر1929 کو جرمنی کے شہر لیپازگ میں پیدا ہوئیں 1960 میں پاکستان آکر انہوں نے جذام کے خاتمے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، کراچی میں انہوں نے سسٹربیرنس کے ساتھ میکلوڈ روڈ پرڈسپنسری سے کوڑھ کے مریضوں کی خدمت شروع کی پھرکچھ عرصے بعد میری ایڈیلیڈلیپروسی سینٹر کی بنیاد رکھی، یہ سینٹر 1965ءتک ہسپتال کی شکل اختیار کر گیا۔

ڈاکٹررتھ فاﺅ کی کوششوں سے پاکستان سے جذام کا خاتمہ ہوا اورعالمی ادارہ صحت نے 1996 میں پاکستان کوجذام پرقابو پانے والا ملک قراردیا جب کہ پاکستان ایشیاءکا پہلا ملک تھا جس میں جذام پرقابو پایا گیا۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان نے1979 میں ڈاکٹر رتھ فاﺅ کوجذام کے خاتمے کے لیے وفاقی مشیربنایا اور1988 میں ڈاکٹر رتھ فاﺅکو پاکستان کی شہریت دے دی گئی۔

ڈاکٹررتھ فاﺅ کی گراں قدر خدمات پرانہیں ہلال پاکستان، ستارہ قائداعظم، ہلالِ امتیاز، جناح ایوارڈ اورنشان قائداعظم سے نوازا گیا جب کہ ڈاکٹررتھ فاﺅ کو جرمن حکومت نے بیم بی ایوارڈ اور آغا خان یونیورسٹی نے ڈاکٹرآف سائنس کا ایوارڈ دیا۔ ڈاکٹررتھ فاﺅ کی آخری رسومات 19 اگست کوسینٹ پیٹرک چرچ صدرمیں اداکی جائیں گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹررتھ فاﺅکے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاﺅ جرمنی میں پیدا ہوئیں لیکن ان کا دل پاکستان میں دھڑکتا تھا، ان کی پاکستان میں طب کے شعبے میں خدمات پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی ڈاکٹر رتھ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بطور انسانیت کی سفیر اور ان کی پاکستان کے عوام کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :