صدر ممنون حسین کو جرمنی، سعودی عرب اور میکسیکو سمیت مختلف ممالک کے نامزد سفراء نے اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں

پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، ممنون حسین پاکستان دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گی، صدر مملکت

جمعرات 10 اگست 2017 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) میانمار، جرمنی، سعودی عرب، روانڈا، سیرالیون، عوامی جمہوریہ لاؤ، پیراگوئے اور میکسیکو کے نامزد سفرائ کرام نے جمعرات کو صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ بعد میں ان سفیروں اور ہائی کمشنر نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ سفیروں سے الگ الگ ملاقات میں انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک سرمایہ کاری اور کاروبار کے عظیم مواقع پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر ملکی سفارتکاروں کو تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں پیش کئے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہائ پسندی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔

صدر مملکت نے نئے سفیر وں اور ہائی کمشنر کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے ممالک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کام کریں گے۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی نئے سفارتکاروں کا پاکستا ن میں قیام آرام دہ اور خوشگوار ہو گا۔ سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں میانمار کے سفیر ون مینٹ، جرمنی کے مارٹن کوبلر، سعودی عرب کے سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی، روانڈا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل کیونگا چارلس، سیرا لیون کیہائی کمشنر مسٹر علی مامے امارا کمارا، عوامی جمہوریہ لاؤ کی سفیر مس وانڈے بوتھا ساونگ، پیراگوئے کے سفیر نیلسن الیڈس مورا روڈاس اور میکسیکوکے سفیر جوز الفانسو زگبی کیمارینہ شامل تھے۔

اس سے قبل پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سفارتکاروں کو افواج پاکستان کے دستوں کی جانب سے گارڈ آفنر پیش کیا گیا۔ ۔