این اے 120لاہور اور پی پی 4گوجر خان کے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک اور الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کا استعمال صرف تجرباتی طور پر ہوگا،الیکشن کمیشن

جمعرات 10 اگست 2017 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے حلقہ این اے 120لاہور اور پی پی 4گوجر خان کے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک اور الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں حلقوں میں ان مشینوں کو صرف تجرباتی طور پر ہی استعمال کیا جائے گا تاکہ اس کے استعمال کے تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے یہ تاثر لینا درست نہیں ہے کہ ان دونوں حلقوں میں صرف ان مشینوں کے ذریعے ہی ووٹنگ ہوگی انہوں نے کہاکہ دونوں حلقوں میں ووٹنگ کا عمل قانون کے مطابق ہوگا جس میں رائج قوانین کے مطابق بیلٹ پیپر کا اجرا اور باقی الیکشن کا عمل اسی طرح ہوگا جیسے پہلے ہوتا آرہا ہے ان مشینوں کو صرف تجرباتی طور پر استعمال کیا جائے گااور اس کا ووٹنگ کے عمل پر کوئی اثر نہیں ہوگاوہ سارا قانونی عمل اسی طرح ہوتا رہے گا جیسے پہلے ہوتا رہا ہے انہوں نے کہاکہ یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ چونکہ یہ مشینیں محدود تعداد میں ہیں لہذا پورے حلقے میں اس کا استعمال ممکن نہیں ہے اور دونوں حلقوں کے محدود پولنگ سٹیشنوں پر ان کا استعمال کیا جائے گا الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 100 بائیو میٹرک اور 150 الیکٹرونک مشینیں ہیں جو دونوں حلقوں کے پورے پولنگ اسٹیشنز پر استعمال نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

صرف محدود پولنگ اسٹیشنز ہی پر ان کا تجرباتی طور پر استعمال کیا جائے گا۔۔۔۔۔اعجاز خان