سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں اپوزیشن کا جشن ،بھنگڑے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،لیگی کارکنوں کے قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے

اسلام آباد،لاہور ،ملتان میں کارکن آمنے سامنے آ گئے ،ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی، جھڑپیں بھی ہوئیں اپوزیشن رہنما اور کارکن ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دیتے رہے ، قیادت کے حق میں نعرے، مختلف مقامات پر شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے یہ تاریخی دن ہے، اب پاکستان کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے،فیصلہ ملک اور قوم کی جیت ہے ‘ گفتگو لیگی کارکنوں کے قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مقامات پر مظاہرے ،ریلیاں نکالی گئیں،ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پویس کی بھاری نفری تعینات مختلف مقامات پر ٹائرجلا کر احتجاج کیا گیا ، ٹریفک کا نظام معطل ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ،کارکن قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے موہنی روڈ سے چیئرنگ کراس چوک تک ریلی کا انعقاد نذیر خان سواتی کی قیادت میں بھی ریلی نکالی کا انعقاد ،(آج) راولپنڈی میں لیاقت باغ سے فیض آباد تک ریلی نکالی جائے گی وہ وقت دور نہیں جب مٹھائیاں بانٹنے والے اپنے آنسو پونچھ رہے ہونگے،(ن) لیگ انتخابات میںپہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کرے گی کارکنوں کے جذبات کے سامنے بے بس ہو گئے ،نواز شریف کے حلقے میں انتخاب ہوا تومخالفین کو ناکوں چنے چبوا دیں گے پی ٹی آئی کی سیاست کو نواز شریف کے حلقے میں دفن کرینگے،پارٹی کی طرف سے احتجاج کیلئے کوئی کال نہیں دی گئی کارکن اپنے قائد سے محبت کے اظہار کے لئے باہر آئے ہیں،پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر،بلال یاسین ،شائستہ پرویز ملک ،عمرا ن گورائیہ و دیگر کا خطاب

جمعہ 28 جولائی 2017 22:17

6اسلام آباد/لاہور /راولپنڈی /کراچی /پشاور /کوئٹہ /سیالکوٹ/گوجرانوالہ/مریدکی/شیخوپورہ/ننکانہ صاحب/اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2017) سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ لیکس کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کی خوشی میں تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لاہور سمیت ملک بھر میں بھرپور جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ، جبکہ حکمران جماعت کے کارکنوں کی طرف سے اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے ، اسلام آباد،لاہور اور ملتان میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکن آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،پولیس کی طرف سے پولیس کی طرف سے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سننے کیلئے پی ٹی آئی ،(ق) لیگ ،جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما اور کارکن صبح سے ہی دفاتر میں جمع ہونا شروع ہو گئے اور اکٹھے بیٹھ کر فیصلہ سنا گیا ۔وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے کے ساتھ ہی تحریک انصاف کے کارکنان نے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے جشن منانا شروع کر دیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، رہنمائوں اور کارکنوں نے فیصلے کی خوشی میں ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں اور گلے مل کر مبارکبادیں دیں ۔

اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بھی فیصلے کی خو شی میں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔اس موقع پر اپوزیشن کے کارکن اپنی اپنی قیادت کے حق میں اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ فیصلے کی خوشی میں مختلف مقامات پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے ۔مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شاہراہوں پر آکر ہر آنے جانے والے کو مٹھائیاں پیش کیں ۔

تحریک انصاف کے رہنما خالد محمود گجر کے مرکزی دفتر میں پانامہ فیصلے کا جشن منایا گیا اور اس موقع پر شرکاء کو خصوصی طور پر گھو ڑوں کا ڈانس دکھایا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔پی ٹی آئی کے رہنما ملک ظہیر عباس کھوکھر کی قیادت میں ٹھوکر نیاز بیگ سے چمرو پور اور اس کے بعد رائیونڈ بھٹی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈیفنس میں لالک جان چوک اور شاہدرہ میں بھی فیصلے کی خوشن میں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔عوامی تحریک کے کارکنوں نے بھی پانامہ فیصلے کی خوشی میں لبرٹی چوک میں جشن منایا ۔لاہور ہائیکورٹ بار میں بھی وکلاء نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں نعرے بازی کی۔

اسلام آباد ، ملتان ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ سمیت ملک کے مختلف مقامات پر بھی تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں بھرپور جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ اپوزیشن رہنمائوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہے، اب پاکستان کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک اور قوم کی جیت ہے اور اس سے حقیقی معنوں میں نئے پاکستان کی بنیادیں میسر آئیں گی۔

دوسری طرف عدالتی فیصلے کے خلاف حکمران جماعت (ن) لیگ کے کارکنوں کی طرف سے احتجاج کیا گیا ۔ مخالفت میں فیصلہ آتے ہی کئی خواتین پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں اور اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے لگائے ۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن فیصلہ آنے کے بعد قیادت سے اظہار یکجہتی کے لئے سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف شاہرائوں پر مظاہرے کرتے ہوئے ’’ نواز شریف بے قصور ‘‘ کے نعرے لگائے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیراعظم کی نااہلی کے بعد لاہور میں ریگل چوک میں کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں اورعدالتی فیصلے کیخلاف نعرے بازی کی جس سے ٹریفک کا نظام جام ہو گیا اور شہریوںکو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے ساتھ لیگی کارکنوں نے شملہ پہاڑی چوک ، چونگی امرسدھو ، فیروز پور روڈ ،وحدت روڈ،لبرٹی چوک ،گڑھی شاہو،داتا دربار ، بابو صابو انٹرچینج سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے کرتے ہوئے اپنے قائد نواز شریف کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی ۔

کارکن اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف ، نواز شریف بے قصور ، شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے ۔ پولیس کی طرف سے فیصلہ آنے سے قبل ہی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔ پولیس افسران کارکنوں سے مذاکرات کر کے شاہرائوں کو ٹریفک کے لئے کھلوا دیا ۔ گوجرانوالہ میں بھی لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر جناح روڈکو بلاک کر دیا اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر آگ پر پانی ڈال کر ٹریفک کو رواں دواں کیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں سمیت دیگر صوبوں میں بھی لیگی کارکنوں کی طرف سے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کیے گئے اور قیادت کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔علاوہ ازیں عدالتی فیصلے پر رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک سمیت دیگر خواتین رہنمائوں شدت جذبات سے رو پڑیں۔لاہور کے صدر محمد پرویز ملک،رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، سید توصیف شاہ ،ڈپٹی میئر نذیر خان سواتی،میاں طارق،عمران گورایا سمیت دیگر لیگی رہنما ؤں نے لبرٹی چوک میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف عوامی لیڈر ہیں اوروہ اب بھی 18کروڑ عوام کے وزیر اعظم ہیں ، انہیں عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا،تا حیات نا اہلی کا فیصلہ قوم کبھی قبول نہیں کرے گی،پانام لیکس میں سینکڑوں لوگوں کے نام تھے،لیکن صرف نواز شریف کے خلاف یکطرفہ کارروائی کیوں عوام کے مقبول رہنما کو عوامی خدمت سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی، ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ جن جن لوگوں کے پاناما لیکس میں نام ہیں ان سب کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے تب ہم سمجھیں گے کہ انصاف کا بول بالا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج مٹھائیاں کھا رہے یا بانٹ رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب وہ بھی اپنے آنسو پونچھ رہے ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہتاہے،جب پرویزمشرف نے ایک جمہوری حکومت پر غیر آئینی طریقہ سے قبضہ کیا تھا تو اس کے بعدمیاں نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ مینڈیٹ لے کر وزیر اعظم بنے ،اب پھر انشاء اللہ چوتھی بار بھی نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ طاقت ور بن کر ابھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے احتجاج کے لئے کوئی کال نہیں دی گئی تھی یہ کارکن اپنے قائد سے محبت کے اظہار کے لئے باہر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تا حیات نا اہلی کے فیصلے سے انتقام کی بو آ رہی ہے اور یہ سمجھ سے بالاتر ہے،پہلے بھی وزیر اعظم نا اہل ہوتے رہے ہیں یہ کو ئی پہلا کیس نہیں، تا حیات نا اہلی کا فیصلہ قوم کبھی قبول نہیں کرے گی۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے موہنی روڈ سے چیئرنگ کراس چوک تک ریلی نکالی گئی ،مسلم لیگ (ن) آج راولپنڈی میں قیادت سے اظہار یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرے گی ۔ حلقہ این اے 120کے علاقہ موہنی روڈ سے چیئرنگ کراس چوک تک نکالی گئی ریلی میں مسلم لیگ (ن) کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی جو سارے راستے شیر شیر،نواز شریف تیرا اک اشارہ حاضر حاضر لہو ہمارا کے نعرے لگاتے رہے۔

ریلی کیوجہ سے مال روڈ اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ قیادت نے ہمیں باہر آکر کسی بھی طرح کارد عمل دینے سے منع کیا ہے لیکن ہم کارکنوں کی قیادت سے والہانہ محبت اور جذبات کے آگے بے بس ہو گئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو حلقہ این اے 120میں ناکوں چنے چبوا دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد عوام کی نواز شریف سے وابستگی او رمحبت کم نہیں ہوئی بلکہ یہ مزید بڑھ گئی ہے اور اس کا اظہار آئندہ عام انتخابات میں سامنے آجائے گا۔ تاجر رہنما بابر محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کو حلقہ این اے 120میں ہی دفن کریںگے ۔ پی ٹی آئی کبھی بھی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آسکے گی ۔ڈپٹی میئر نذیر خان سواتی کی قیادت میں ٹائون ہال میں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس میں شریک کارکن نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے آج ( ہفتہ ) کے روز راولپنڈی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلی سہ پہر چار بجے لیاقت باغ سے فیض آباد تک نکالے جائے گی ۔