پاکستان اور مالدیپ کا دو طرفہ تعاون اور عوامی سطح روابط کو مزید مستحکم بنانے کا عزم

مسلم امہ کی یکجہتی کو تقویت،بین الاقوامی سطح پر اسلام کی حقیقی اقدار کو فروغ دینے پر اتفاق مالدیپ کا اسلام آباد میں سارک سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے پاکستان کی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف دو ٹوک مؤقف کااعادہ وزیرا عظم نوازشریف کے تین روزہ دورہ مالدیپ کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے جاری

جمعرات 27 جولائی 2017 22:52

' اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ جولائی ء) پاکستان اور مالدیپ نے دو طرفہ تعاون اور عوامی سطح روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کاا ظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کی یکجہتی کو تقویت اور بین الاقوامی سطح پر اسلام کی حقیقی اقدار کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جبکہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے اسلام آباد میں سارک سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے پاکستان کی حمایت کااعادہ کیا ہے ۔

اس امر کا اظہار وزیرا عظم محمد نواز شریف کے تین روزہ دورہ مالدیپ کے اختتام پر اسلام آباد اور مالے سے بیک وقت جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دعوت پر 25 سے 27جولائی تک مالدیپ کادورہ کیا وزیر اعظم نے مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور مالدیپ کے عوام اور حکومت کو ان کی آزادی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

علاقائی تعاون کے ضمن میں وزیر عظم محمد نواز شریف اور صدر عبداللہ یامین نے باہمی اہمیت کے امور پر علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور معاونت کو نوٹ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے بشمول جنوبی ایشائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے ذریعے جنوبی ایشیاء کے ممالک کے مابین تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا ۔

اس سلسلہ میں صدر عبداللہ یامین نے اسلام آباد میں سارک سمٹ کی میزبانی کے لئے مالدیپ کی حمایت کااعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق مالدیپ اور پاکستان کے درمیان باہمی افہام و تفہیم ، خیر سگالی اور بھائی چارے پر مبنی تاریخی اور قریبی تعلقات استوار ہیں۔ دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے صدر عبداللہ یامین کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کئے اور دو طرفہ تعاون اور عوامی سطح روابط کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوںپر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی ۔دورے کے دوران کئی ایم او یوز/ معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے جن کا مقصد سیاحت ، موسمیاتی تبدیلی ، تجارت ، تعلیم اور سول سروس و سفارتکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان طے پانے والے ایم او یوز پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ۔

دونوں رہنمائوں نے اس امر کو اجاگر کیاکہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات دوستی ، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات سے عبارت ہیں ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے۔ صدر عبدالللہ یامین نے مالدیپ کی ترقی میں پاکستان کی مسلسل سرمایہ کاری پر وزیرا عظم محمدنواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور سرمایہ کاروں کو مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے مزید کردار ادا کرنے کی دعوت دی ۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری پر تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دینے کے لئے اپنی حکومت کے اقدامات کو اجاگر کیا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اپنی حکومت کی پالیسیوںکو نمایاں کیا۔

دونوں رہنمائوں نے مالدیپ پاکستان مشترکہ کاروباری کونسل اور تجارت کے بارے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کاخیر مقدم کیا جن سے تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا اور نجی شعبہ کے درمیان اشتراک کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے صدر عبداللہ یامین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مزید براہ راست فضائی رابطوں کی بحالی سے مواصلاتی رابطے بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق قریبی روایتی و ثقافتی تعلقات اور دونوں ممالک کی منفرد سیاحتی صنعتوںکے پیش نظر صدر عبداللہ یامین نے سیاحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیااور مہمان نوازی کی صنعت کے شعبے میں مہارت سے باہمی استفادے پرزور دیا ۔ مالدیپ کی حکومت کے یوتھ ڈویلپمنٹ کے ترجیحی شعبہ کے حوالے سے صدر عبداللہ یامین نے مالدیپ میں یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے فروغ میں پاکستان کی معاونت کاخیر مقدم کیا ۔

دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات کے لئے یوتھ ایکسچینج پروگراموں پر اتفاق کیا۔ دفاعی تعاون کے شعبہ میں صدر عبداللہ یامین نے مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورسز کے اہلکاروںکی تربیت میں پاکستان سے مسلسل معاونت کو سراہا۔ صدر عبداللہ یامین نے تعلیم اور استعداد کار میں اضافہ کے شعبہ میں مالدیپ کی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے ادا کئے جانے والے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے مالدیپ کی ترقی کے لئے پاکستان کے عزم پیہم کا اعادہ کرتے ہوئے مالدیپ کی عوام کے لئے پاکستان کے عوام کی طرف سے تحفے کے طور پر 50لاکھ ڈالر کی خصوصی گرانٹ کابھی اعلان کیا۔ انہوں نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مالدیپ کے طالب علموں کے لئے میڈیسن، انجینئرنگ ، فارمیسی اور ڈینٹیسٹری کے شعبوں میں 5اضافی وظائف کا بھی اعلان کیا۔

ترقی کے لئے ماحولیاتی تبدیلی کو ایک بڑا خطرہ سمجھتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس شعبہ میں بالخصوص چھوٹے جزائرکی ریاستوں کے اتحاد ( اے او ایس آئی ایس) کے صدر کی حیثیت سے مالدیپ کے مسلسل کردار پر مبارکباد دی۔ انسداد دہشت گردی و انتہاپسندی کے شعبہ میں دونوں رہنمائوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف اپنے دو ٹوک مؤقف کااعادہ کیا۔

صدر عبداللہ یامین نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس میدان میں باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مالدیپ کے صدر کو پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں آگاہ کیاجس کا مقصد اقتصادی ہم آہنگی اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :