سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعویٰ

وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی شہر بند کر دیا جاتا تھا، اورنگی ٹائون میں 2افراد کے قتل میں ایم کیو ایم لندن ملوث ہے، بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباش دی، کراچی میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں، کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں, ترجمان سندھ رینجرز کر نل قیصر خٹک کی پریس کانفرنس

بدھ 26 جولائی 2017 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جولائی ء) سندھ رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تعلق رکھنے والے 2 ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی شہر بند کر دیا جاتا تھا، اورنگی ٹائون میں 2افراد کے قتل میں ایم کیو ایم لندن ملوث ہے، بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباش دی، کراچی میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں، کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

بدھ کو رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ترجمان سندھ رینجرز کرنل قیصر خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 17جولائی کو 2افرادکو اورنگی ٹائون میں قتل کیا گیا، قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے سائوتھ افریقہ کے سیٹ اپ سے رابطے میں تھے، گرفتار ملزمان کو سائوتھ افریقہ سے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام دیا گیا، بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباش دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی ٹیلیفونک گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سنائی گئی۔کرنل قیصر خٹک نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی شہر بند کر دیا جاتا تھا، گرفتار ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے نام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز ایسی سازشوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، دونوں گرفتار ملزمان نے قتل کا اعتراف کیا ہے، کراچی میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے، کافی حد تک ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، کچھ بھاگ گئے، رینجرز کی ہر کالعدم جماعت اور صورتحال پر پوری نظر ہے، کچھ کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔