حنیف عباسی سپریم کورٹ میں جھوٹے بولنے اور غلط حلف نامہ جمع کرانے پر 7 سال کیلئے جیل جائیں گے

انہیں اب اپنی فکر ہونی چاہئے،سوال اٹھتا ہے کہ ایس ای سی پی کے خفیہ کاغذات حنیف عباسی کے ہاتھ کیسے آئے، کیا انہوں نے ایس ای سی پی سے کاغذات چوری کروائے، اگر ایسا ہے تو ان پر ایک اور مقدمہ بنتا ہے،جب ان لوگوں پر الزام لگتا ہے تو یہ لوگ ایسے محسوس کراتے ہیں کہ جیسے یہ اورنگزیب کی کابینہ ہے، وزرا ٹوپیاں بیج کر گزارا کررہے ہیں، ہر کوئی چھوٹی موٹی نوکری کررہا ہے، جہانگیر ترین پر سرکاری خزانے کے غلط استعمال کا کوئی الزام نہیں ،چیف جسٹس نے ان کی صداقت کا اعتراف کیا تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 جولائی 2017 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جولائی ء) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حنیف عباسی سپریم کورٹ میں جھوٹے بولنے اور غلط حلف نامہ جمع کرانے پر 7 سال کیلئے جیل جائیں گے، انہیں اب اپنی فکر ہونی چاہئے،سوال اٹھتا ہے کہ ایس ای سی پی کے خفیہ کاغذات حنیف عباسی کے ہاتھ کیسے آئے، کیا انہوں نے ایس ای سی پی سے کاغذات چوری کروائے، اگر ایسا ہے تو ان پر ایک اور مقدمہ بنتا ہے۔

وہ بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت (ن)لیگ کی کوئی سیاسی یا قانونی حکمت عملی نہیں، اگر بڑے رہنماؤں کا یہ حال ہوگا تو چھوٹوں کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی صورتحال بہت عجیب ہے نوازشریف یہاں وزیراعظم ہیں اور دبئی میں نوکری کررہے ہیں،خواجہ آصف افواج پاکستان کے سربراہ ہیں اور باہر چھوٹے سے ملازم ہیں،احسن اقبال ملک میں سی پیک منصوبہ چلاتے ہیں اور مدینہ منورہ کی ایک کمپنی میں گارڈ ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی کابینہ اورنگزیب عالمگیر کی کابینہ ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ نہ تو بیرون ملک آف شور کمپنی بنانا جرم ہے اور نہ پیسے دینا لیکن بچوں کو حرام کے پیسے دینا جرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کے پیسے ہرجگہ ڈکلیئرڈ ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ جہانگیرترین نے یونائٹیڈ شوگر ملز کے شیئرزخریدے ۔ انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کے وکیل کو یہ بھی نہیں پتا کہ دسمبر2007 میں جہانگیرترین ایک عام شہری تھے۔ جہانگیر ترین پر سرکاری خزانے کے غلط استعمال کا کوئی الزام نہیں اور چیف جسٹس صاحب نے ان کی صداقت کا اعتراف کیاہے،پاناما کیس میں جلد فیصلہ آجانا چاہیے تاکہ احتساب کا عمل آگے بڑھایا جاسکے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جب ان لوگوں پر الزام لگتا ہے تو یہ لوگ ایسے محسوس کراتے ہیں کہ جیسے یہ اورنگزیب کی کابینہ ہے، وزرا ٹوپیاں بیج کر گزارا کررہے ہیں، ہر کوئی چھوٹی موٹی نوکری کررہا ہے۔