چوہدری نثار کو راضی کرنے کا مشن، شہباز شریف کا بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعوی

وزیر داخلہ تاحال پریس کانفرنس کرنے کے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں، کوئی بھی انتہائی قدم نہ اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی ہے، ذرائع وزیراعلی پنجاب سے ملاقات چار گھنٹے جاری رہی ، گلے شکوے ہوتے رہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈاراور وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق بھی موجو د تھے پارٹی سے وفادار ہوں اور رہوں گا ، میرے خلاف نواز شریف کو بھڑکانے والے کون ہیں وہ آپ سب جانتے ہیں،نثار کا رہنماوں کو جواب وزیر اعلی پنجاب سے آج بھی ملاقات ہوگی

بدھ 26 جولائی 2017 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جولائی ء) وفاقی وزیر برائے داخلہ امور چوہدری نثار علی خان کو راضی کرنے کے مشن پر نکلنے والے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے اور کہا ہے کہ برف پگھل رہی ہے تاہم وفاقی وزیر داخلہ ابھی تک پریس کانفرنس کرنے کے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن انہوں نے کوئی بھی انتہائی قدم نہ اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی ہے ان کی وزیر اعلی پنجاب سے آج جمعرات کو بھی ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار میں بدھ کو پنجاب ہاوس میں ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے جبکہ تھوڑی دیر کے لئے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق بھی آئے یہ ملاقات چار گھنٹے جاری رہی جس میں گلے شکوے ہوتے رہے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس نہ کرنے کی درخواست کی تو ان کا کہنا تھا کہ ایشوز کی وضاحت کے لئے پریس کانفرنس ضروری ہے اور وہ ناراض نہیں ہوں نہ ہی مسئلہ میری طرف سے شروع ہو ا اس پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیچودھری نثار سے کہا کہ ان کی وجہ سے ہی پارٹی میں اتفاق ہے ،آپ پارٹی کا دل اور دماغ ہیں ،گزارش ہے کہ اندرونی معاملات میڈیا پر نہ لائیں مگر نثار نے پھر کہا کہ معاملات ایسے ہیں کہ ان کی وضاحت میڈیا پر آکر ہی ہو سکتی ہے کیونکہ جو الزامات مجھ پر لگائے گئے وہ کسی طور برداشت نہیںمیں پارٹی سے وفادار ہوں اور رہوں گا ، میرے خلاف نواز شریف کو بھڑکانے والے کون ہیں وہ آپ سب جانتے ہیں رہنماوں کو جواب میں چودھری نثار نے کہا کہ ان کا ہر فیصلہ ان کے ضمیر کے تابع ہے ،ہمیشہ پارٹی اور ملک کے مفاد کو مقدم رکھا، ذرائع نے بتایا کہ نثار کا کہنا تھا کہ وہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں انہوں نے اپنے تحفظات سے وزیر اعلی اور وزیر خزانہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ پارٹی او ر جمہوری نظام کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں تاہم ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی ملاقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور آج جمعرات کو دونوں میں دوبارہ ملاقات ہوگی جبکہ معاملات طے پاجانے کے بعد چوہدری نثار کی وزیر اعظم سے بھی ملاقات کروائی جائے گی ملاقات میں ملک کی عمومی سیاسی صورت حال بھی زیر غور آئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب آپ سے اچھے کی امید ہوتی ہے۔ جواب میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دعا کریں انشاء اللہ اچھا ہی ہوگا.ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیر داخلہ پر کوئی دباو نہیں ڈالا جائے گا، وزیر اعلی اور اسحاق ڈار نے ان کی صحت بارے بھی دریافت کیا جبکہ سانحہ لاہور کی تحقیقات پر بھی بات چیت ہوئی اس سانحہ کے بعد پریس کانفرنس ملتوی کرنے کے چوہدری نثار کے فیصلے کو بھی وزیرا علی نے سراہا ۔