ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 29جولائی تک ملتوی

ملزم پر فرد جرم عائد کی جائے اس کے بعد متفرق درخواستین سنی جائیں،نیب وکیل ، درخواست پہلی سنی جانی چاہئیں ورنہ انکا مقصد ختم ہوجائے گا،عدالت

جمعہ 21 جولائی 2017 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ جولائی ء)کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 29جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کو احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹرعاصم حسین ،ذوہیر صدیقی ،شعیب وارثی ور دیگر ملزما ن عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت عدالت نے ملزم ملک عثمان سے استفسار کیا کہ آپ گزشتہ سماعت پر پیش کیو ں نہیں ہوئے جس پر ملزم نے جواب دیا کہ مجھے فوڈ پوائزن ہوگیا تھا جس کی وجہ سے میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکا ۔

اس موقع پر ڈاکٹرعاصم حسین نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کا وکیل موجود نہیں ہے اس لیے ان کو جانے کی اجازت دی جائے ۔عدالت نے کہا کہ آپ ریفرنس میں ملزم ہیں دیگر ملزمان کے ساتھ بیٹھیں ۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے منع کرنے کے باوجود ڈاکٹر عاصم کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جن جن ملزمان کو کہا گیا کہ وہ عدالت میں بیٹھیں لیکن وہ نہیں بیٹھے ۔

ان ملزمان نے مس کنڈیکٹ کیا ہے ان کے خلاف ہائی کورٹ میں ریفرنس بھیجا جائے گا ۔عدالت کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد ملزمان واپس کمرہ عدالت میں واپس آگئے۔دوران سماعت ملزم اظہر صدیق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔پانامہ کیس میں بھی یہی ہوا کہ بچوں کے نام پر بے نامی اثاثے بنائے گئے ۔پانامہ کیس میں کہا گیا کہ عوامی عہدے کا غلط استعمال کیا گیا۔

میرے موکل کے خلاف انکوئری کب دی گئی اسکی تاریخ نہیں لکھی گئی ہے۔19فروری کو تحقیقات کا حکم دیا گیا اور دس دن بعد4 مارچ کو ریفرنس دائر کردیا گیا ۔گواہوں کے بیان انکوئری میں نہیں تفتیش میں ریکارڈ کئے جاتے ہیں لیکن ایک بھی گواہ کا بیان تفتیش میں شامل نہیں نہیں کیا گیا۔اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا کہ ملزم پر فرد جرم عائد کی جائے اس کے بعد متفرق درخواستین سنی جائیں ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست پہلی سنی جانی چاہئیں ورنہ انکا مقصد ختم ہوجائے گا۔بعد ازاں احتساب عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 29جولائی تک ملتوی کردی