امریکہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کردیا ، واجب الادا فوجی امداد روک دی

پاکستان کواس وقت فنڈز جاری نہیں کیے جاسکتے ، وزیر دفاع نے تصدیق نہیں کی کہ پاکستان نے مالی سال 2016 کے تحت قومی دفاعی اختیار کے ایکٹ کے مطابق حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کاروائی کی ہے ،ترجمان پینٹاگون

جمعہ 21 جولائی 2017 21:01

واشنگٹن/لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ جولائی ء) امریکہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے فرنٹ لائن کے کردار اور قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے فوجی امدادجاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

برطانوی خبررساں ادارے ’’رائٹرز ‘‘ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون پاکستان کو مالی سال 2016کی مد میں فوجی اخراجات کیلئے واجب الادا رقم جاری نہیں کرے گا اس بات کا فیصلہ امریکی وزیر دفاع جم میٹس کی جانب سے کانگریس کو یہ بتانے کہ اسلام آبا د نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کاروائی نہیںکی کے بعد کیا گیا ہے۔

پینٹاگون کے ایک ترجمان ایڈم سٹمپ نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ پاکستانی حکومت کواس وقت فنڈز جاری نہیں کیے جاسکتے کیونکہ سیکرٹری دفاع نے تصدیق نہیں کی ہے کہ پاکستان نے مالی سال 2016 کے تحت قومی دفاعی اختیار کے ایکٹ کے مطابق حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کاروائی کی ہے ۔