وزیراعظم نواز شریف پاکستانی عوام کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں جس نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 16 جولائی 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر جولائی ء) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تمام پارلیمانی پارٹیوں اور کابینہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پارٹی جے آئی ٹی کی متنازعہ رپورٹ کو عدالت عظمی میں چیلینج کرے گی۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستانی عوام کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں جس نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ تحفظات کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو قانون کی بالادستی کیلئے جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے متنازعہ اور جانبدار رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جس کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپریم کورٹ میں چیلینج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود حالیہ غیر یقینی والی صورتحال کے پیش نظر جمہوری نظام‘ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی حریفوں کا استعفی کا مطالبہ بلاجواز ہے‘ ہماری جماعت سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکر نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلاف کے حوالے سے اپوزیشن کا واویلا بے بنیاد اور بلاجواز ہے‘ ہماری جماعت متحد ہے اور اس میں کسی قسم کی دراڑ نہیں۔