سپریم کورٹ جے آئی ٹی رپورٹ پر(آج)سماعت کریگی،شریف خاندان کے وکلا کی ٹیم نے جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کیلئے درخواست کا مسودہ تیار کرلیا ۔سپریم کورٹ سے استدعا کی جائیگی کہ کوئی بھی کارروائی شروع کرنے سے پہلے اس درخواست پر فیصلہ کیا جائے ،ْذرائع

اتوار 16 جولائی 2017 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر جولائی ء)سپریم کورٹ میں پانا ما عملدر آمد بینچ (آج)پیر کو جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کریگا تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ (آج)پیر کو ساڑھے نو بجے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کریگا اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ نے شریف خاندان اور تحریک انصا ف کے سربراہ عمران خان سمیت فریقین کے وکلاء کو نوٹس جاری کر دیئے تھے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ حارث کی سربراہی میں شریف خاندان کے وکلا کی ٹیم نے جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کیلئے درخواست کا مسودہ تیار کر کے دائر کرنے کی منظوری حاصل کر لی ،ْ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے گی کہ کوئی بھی کارروائی شروع کرنے سے پہلے اس درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی طرف سے جے آئی ٹی کو رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کی استدعا کی جائیگی تیار کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کوبدنام کرنے کیلئے جھوٹی اور غیرمصدقہ دستاویزات کا سہارا لیکر ایسی رپورٹ تیار کی، اس کا واحد مقصد عوام کو حکمران خاندان سے بدظن کرنا اور سیاسی نقصان پہنچانا ہے، رپورٹ میں موجود مواد اور دستاویزات جے آئی ٹی کی تشکیل سے پہلے اکٹھی کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق درخواست میں جے آئی ٹی ارکان کی جانبداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا کہ گواہوں پر بیانات تبدیل کرنے کیلئے دبائوڈالا گیا اور لوگوں کو وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش کی گئی ،ْعدالت عظمیٰ کو گمراہ کیا گیا اورجے آئی ٹی جان بوجھ کر سپریم کورٹ کے وضع کردہ سوالات سے ہٹ کر حدیبیہ پیپر ملز اورچوہدری شوگر ملز کے معاملے میں پڑ گئی حالانکہ یہ معاملات پہلے سے کسی نہ کسی شکل میں مختلف فورمز پرنمٹائے جاچکے ہیں، عدالت سے رپورٹ مسترد کرنے اور عدالت کو گمراہ کرنے پر جے آئی ٹی کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی جائیگی۔

دریں اثنا سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ اور ریڈ زون کیلئے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کئے جائینگے ،ْ ایس ایس پی سیکیورٹی جمیل ہاشمی کے مطابق پیر کو ریڈ زون سیل کر دیا جائے گا اورغیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا تاہم وکلا اور میڈیا کے نمائندے داخل ہو سکیں گے ،ْ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہوگی۔