شہبازشریف کابغیر پروٹوکول ڈی ایچ کیوقصورکادورہ،بزرگ کی سر پرہاتھ رکھ کردعا

بدھ 21 جون 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جون ء): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج بغیر پروٹوکول ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا، وزیراعلیٰ لاہور سے بذریعہ سڑک غیر اعلانیہ طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور پہنچے اور ان کے ہمراہ صرف دو گاڑیاں تھیں۔قصور کی انتظامیہ وزیراعلیٰ کے اچانک دورے سے مکمل طور پر لاعلم تھی جبکہ وزیراعلی نے اپنے ساتھ موجود سٹاف کو بھی اس دورے سے لاعلم رکھا-ڈپٹی کمشنر قصور اور ڈی پی اوقصور کو وزیراعلی نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال طلب کیا اور انہیں ضروری ہدایات دیں-وزیراعلی نے دورے کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا-مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی اعلی معیار کی ادویات اور طبی سہولتوں کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا جن کی ذاتی دلچسپی کے باعث ہسپتالوں کے حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے- مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مریضوں اوران کے اہل خانہ نے مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں اور کہا کہ آپ کی ذاتی توجہ کے باعث ہسپتال میں بہت بہتری آئی ہے ہمیں مفت ادویات بھی مل رہی ہیں او رعلاج معالجہ بھی درست ہورہاہے -اللہ تعالی آپ کو دکھی انسانیت کی خدمت کا ا جر دے اور اس ضمن میں مزید توفیق عطا فرمائے-ایک بزرگ نے وزیراعلی کے سر پرہاتھ رکھ کر ان کو دعائیں دیں اور کہاکہ بیٹا آپ کے دل میں دکھی انسانیت کی تڑپ موجود ہے اورہم سب اس نیک مقصد میں آپ کے ساتھ ہیں-مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف زندہ باد ،دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا، شیرآیا کے نعرے لگائے۔