میرے بیٹے امجد صابری شہید کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے اور قاتلوں کو برسی سے قبل سزائے موت دی جائے ، والدہ اصغری بیگم

امجد صابری کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ،میرے بیٹے کے قتل کو 11ماہ گزر چکے ہیں لیکن حکومت قتل کی تفتیش سے متعلق آگاہ نہیں کر رہی، پریس کانفرنس

جمعرات 18 مئی 2017 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مئی ء) عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کی والدہ اصغری بیگم نے کہا ہے کہ میرے بیٹے امجد صابری شہید کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے اور قاتلوں کو برسی سے قبل سزائے موت دی جائے ۔ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں آرٹس فانڈیشن آف پاکستان کے تحت مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کے بیٹے امجد صابری نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کیا ہے ، ہمارے آبا اجداد کا تعلق فن قوالی سے ہے اور میرے شوہر ، بیٹوں اور خاندان کے دیگر افراد قوالی کے ذریعہ دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے اور اس فن کے ذریعے امن و بھائی چارگی کا پیغام عام کرتے رہے ہیں اور اسی پیغام کو شہید امجد صابری نے بھی آگے بڑھایا لیکن ظالموں نے اسے دن دیہاڑے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امجد صابری کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ،میرے بیٹے کے قتل کو 11ماہ گزر چکے ہیں لیکن حکومت قتل کی تفتیش سے متعلق آگاہ نہیں کر رہی، اگر میرے بیٹے کے قاتل گرفتار ہوگئے ہیں تو انھیں اب تک سزا کیوں نہیں دی گئی۔ انھوں نے وزیر اعظم ،چیف جسٹس آف پاکستان ، آرمی چیف او ر وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے اور بیٹے کی برسی سے قبل قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں امجد صابری کے بھائی طلحہ صابری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امدادی چیک ملے تھے جس کی رقم ہمیں مل چکی ہے، ہمارا خاندان بیرون ملک منتقل نہیں ہورہا ،ہم اپنے آبائی علاقے لیاقت آباد میں رہتے ہوئے اپنے چچا او ر بھائی کے مشن کو جاری رکھیں گے اور امجد صابری کے چھوڑے گئے مشن کو آگئے بڑھائیں گے ۔اس موقع پر آرٹس فانڈیشن کے چیئر مین محمد فیصل ندیم،گلوکار حسن جہانگیر،عارف حسن مہدی و دیگر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :