افغانستان کا پاکستان سے جنگ کا ارادہ نہیں ،ْ عبداللہ عبداللہ

افغان حکومت ملک میں پاکستان مخالف طالبان کے خلاف کارروائی کررہی ہے ،ْپاکستان کو بھی ایسا کر نا چاہیے طالبان ہمارے دشمن ہیں اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے رعایت دینے کے بجائے مجبور کرنا ہوگا ،ْپاکستانی صحافیوں سے گفتگو

پیر 8 مئی 2017 22:48

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے پاکستان سے جنگ کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت ملک میں پاکستان مخالف طالبان کے خلاف کارروائی کررہی ہے اور پاکستان کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔پاکستانی صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران عبداللہ عبداللہ نے دونوں ممالک میں اعتماد کے فقدان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ،ْپاکستان سے جنگ کا خواہشمند نہیں بلکہ استحکام کے لیے پاکستان کی مدد کا طالب ہے۔

انھوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو حقیقت جبکہ اس کی افغانستان میں موجودگی کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر افغان چیف ایگزیکٹو نے پاکستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا تاہم ساتھ ہی افغانستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کردیا۔

(جاری ہے)

عبداللہ عبداللہ نے دعوی ٰکیا کہ افغانستان اچھے اور برے طالبان کی کوئی تمیز نہیں کرتا۔

افغان چیف ایگزیکٹو نے کسی کا نام لیے بغیر انکشاف کیا کہ پاکستان کے سابق سپہ سالار نے افغان طالبان کو بات چیت پر آمادہ کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگا تھا لیکن وہ اپنا وعدہ وفا کرنے میں ناکام رہے۔ عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ نہ تو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور نہ ہی افغانستان ایسا کوئی ارادہ رکھتا ہے لہذا پاکستان کے مفادات کے خلاف کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان سے زیادہ کوئی ملک اہم کردار ادا نہیں کرسکتا تاہم باہمی تعلقات کی موجودہ صورتحال کچھ اطمینان بخش نہیں جبکہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ افغانستان میں ہونے والی ہر کارروائی کا الزام پاکستان پر لگایا جاتا ہے۔انھوں نے زور دیا کہ طالبان ہمارے دشمن ہیں اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے رعایت دینے کے بجائے مجبور کرنا ہوگا۔عبداللہ عبداللہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کوئی ہمدردی اور تعاون نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ مثبت رہا تاہم حالیہ واقعات کے تناظر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تعاون کا فقدان ہے۔