آصف زرداری سے پارٹی کے سینئر رہنمائوں کی الگ الگ طویل ملاقاتیں

پیپلز پارٹی کا چاروں صوبوں میں حکومت مخالف احتجاج مزید تیز کرنے کا فیصلہ پنجاب میں سیاسی اتحاد بنانے کا ٹاسک قمر زمان کائرہ کو سونپ دیا

ہفتہ 6 مئی 2017 17:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پارٹی رہنماؤں منظور احمد وٹو ،سردار لطیف کھوسہ اور قمر زمان کائرہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔جن میں حکومت مخالف احتجاج اور پنجاب میں سیاسی اتحاد بنانے کا ٹاسک مشاورت کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو سونپ دیا گیا جبکہ لوڈشیڈنگ کے خلاف چاروں صوبوں میں احتجاج مزید جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے ہفتے کو یہاں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی الگ الگ ملاقاتوں میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور سمیت پنجاب میں سیاسی اتحاد اور حکومت مخالف احتجاج کے لئے تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال اور غوروغوض کیا گیا باہمی طویل مشاورت کے بعد سابق صدر نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو اتحاد بنانے کا ٹاسک سونپ دیا جبکہ حکومت کے خلاف چاروں صوبوں میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بھر پور احتجاج جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ حکمران اپنی نااہلی کے باعث بُری طرح پھنس چکے ہیں عوام سے بلنگ وبانگ دعوے کرنے والے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ جب ان کو دعدے یاد کراتے ہیں تو وہ مشتعل ہوجاتے ہیں جو عجیب اور سمجھ سے بالاتر ہے۔سابق صدر نے کہا کہ ہم جھوٹے اور لٹیرے حکمرانوں کو نہ صرف ان کے وعدے یاد دلاتے رہیں گے بلکہ عوام کے ساتھ مل کر آئندہ ایسے مفاد پرست ٹولے کو اقتدار پر قابض نہیں ہونے دیں گے۔