نہ پیشگی اطلاع ، نہ پروٹوکول ، نہ سرکاری گاڑی، شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر اچانک ایک سڑک پر اتار لیا

عملے نے ایک کار کو اشارہ کر کے روکا ، وزیر اعلیٰ پنجاب بغیر پروٹوکول کار میں بیٹھے اور گندم خریداری مرکز پہنچ گئے وزیر اعلی کو عام کار میں آتا دیکھ کر کاشتکاروں کے ’’شہباز شریف زندہ باد اور دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے وزیر اعلی کا اچانک چھاپہ کھلی کچہری میں بدل گیا، وزیر اعلی نے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں

ہفتہ 6 مئی 2017 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بغیر کسی پیشگی اطلاع اپنا ہیلی کاپٹر اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے علاقے میںہیڈسلیمانکی کے قریب ایک سڑک کے پاس اتار لیا ،وزیر اعلی نے جہاں اپنا ہیلی کاپٹر اتارا وہاں کوئی سرکاری گاڑی موجود نہ تھی جس پر وزیر اعلی کے ساتھ عملے نے سڑک سے گزرنے والی ایک کار کو اشارہ کر کے روکا اور وزیر اعلی بغیر پروٹوکول اس کار میں بیٹھے اور ہیڈ سلیمانکی کے گندم خریداری مرکز پہنچی-وزیر اعلی کو عام کار میں آتا دیکھ کر خریداری مرکز میں موجود کاشتکاروں نے ’’شہباز شریف زندہ باد اور دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائی-وزیر اعلی کی آمد پر کاشتکاروں کی بڑی تعداد مرکز پر جمع ہو گئی اور وزیر اعلی کا اچانک چھاپہ کھلی کچہری میں بدل گیا- وزیر اعلی نے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں- کاشتکاروں نے سستی کھادکی فراہمی پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے ہمیں بہت ریلیف ملا ہے اور آپ کا یہ اقدام جاری و ساری رہنا چاہیے جس پر وزیر اعلی نے کاشتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ سستی کھاد کی فراہمی کا اقدام جاری رہے گا - وزیر اعلی نے کاشتکاروں کی فائلوں کو سڑک پر پھینکنے کے واقعہ اور مقامی تھانے میں ریکارڈ میں رد وبدل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور ذمہ داروں کو انجام تک پہنچانے کا وعدہ کیا جس پر کاشتکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ’’اج میاں دے نعرے وجن گے ‘‘کے نعرے لگائے - وزیر اعلی کے اچانک دورے سے مقامی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر لاعلم رہی-ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی وزیر اعلی کے دورے کے اختتام سے کچھ دیر قبل خریداری مرکز پہنچے۔