میرا وژن ایسا ترقیافتہ پاکستان ہے جس میں لوگ زکوٰة لینے والے نہ ہوں،عمران خان

ہماری محنتی افرادی قوت بیرون ممالک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے ،بیش بہا قدرتی وسائل کے ہوتے بھی اگر ہم مقابلے کی دوڑ میں سب سے پچھلی صفوں میں نظر آتے ہیںتو اس کی بنیادی وجہ کرپٹ حکمرانوں کی نا عاقبت اندیشی اور اپنی ناک سے آگے نہ دیکھنے کی روش ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا انفارمیشن ٹیکنالوجی یوتھ سمٹ کی اختتامی نشست سے خطاب

ہفتہ 6 مئی 2017 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میراٰوژن ایک ایسا ترقیافتہ پاکستان ہے جس میں لوگ زکوٰة لینے والے نہ ہوں بلکہ ہم اپنی زکوٰة ہندوستان جیسے پسماندہ اور غربت کی دلدل میں پھنسے ہوئے لوگوں کو دیں۔ میرے مشن کی تکمیل یہ ہے کہ ہم دنیا کو زکوٰة دیں اور ہماری معاشی پالیسی بھی اسی مقصد پر مبنی ہو۔

وہ ہفتہ کو پشاور کے مقامی ہوٹل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یوتھ سمٹ کی اختتامی نشست سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے ہاں نوجوانوں کی شرح زیادہ ہے۔ہمارے پاس ورک فورس دستیاب ہے۔ہماری محنتی افرادی قوت بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے اور ہمارے پاس آگے بڑھنے کی استعداد بھی زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

سب سے بڑھ کر ہمارے پاس بیش بہا قدرتی وسائل ہیں۔ یہ محرکات قوموں کو ترقی کی اگلی صفوں میں لا کھڑا کرتی ہیں۔ اگر یہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی اگر بدقسمتی سے ہم مقابلے کی دوڑ میں سب سے پچھلی صفوں میں نظر آتے ہیںتو اس کی بنیادی وجہ کرپٹ حکمرانوں کی نا عاقبت اندیشی اور اپنے ناک سے آگے نہ دیکھنے کی روش ہے۔عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہت صلاحیتیں دی ہیں یہا ں تک کہ فرشتوں کو انسان کو سجدہ کرنے کا حکم دیا۔

اس لئے انسان کو اپنی صلاحیتیں پہچان کر اپنا مستقبل پلان کرنا چاہئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا میں آئے ہوئے تمام انقلابات کو بے معنی بنا دیا ہے جس میںاطلاعات تیز رفتاری کے ساتھ ایک کونہ سے دوسرے کونے میں پلک جھپکتے پہنچ جاتی ہیں۔ ہم نے اس انقلاب کے ساتھ ساتھ چلنا ہے جو مواقع فراہم ہوں ان سے استفادہ کرنا ہے انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اپنے خواب اور مقاصد ہمیشہ اونچا رکھیں۔

یہ ہمیشہ آپ کو سخت محنت اور جدوجہد کی طرف مائل کریں گے۔نوجوان اپنی ذات کے حصار سے نکل کر دنیا کے مقابلے پر آئیں لیکن دائمی مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہے ۔ ان لوگوں کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہتا ہے جو انسانیت کے لئے تگ و دو کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم اور صحت پر اس لئے زور دیتے ہیں کہ یہی دو شعبے قومیں بناتی ہیں۔

صحت مند اور تعلیم یافتہ لوگ کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں اور انصاف کی فراہمی اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے صف اول میں ہوتے ہیں۔یہی لوگ آگے بڑھ کر کمزور حکمرانی کو مضبوط حکمرانی میں تبدیل کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ یہ اپنے وفادار لوگوں کو بڑے بڑے عہدے دے کر کرپشن پر لگاتے ہیں۔

اگر سٹیل مل، پی آئی اے اور کرکٹ بورڈ سمیت قومی اداروں میں اہل لوگ ہوتے تو نہ کرپشن ہوتی اور نہ ان اداروں کی کارکردگی زمین بوس ہوتی۔اگر ہم حکمرانی ٹھیک کر لیں ایران اور افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنائیں اور ہمارا وژن خطے کی ترقی کا ہو تو ہم ترقی کی وہ شرح حاصل کر سکتے ہیں جو پوری دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہو گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی ترقی و عوام دوست اور شفاف حکمرانی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتی و معاشی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات ہوئے جس کی وجہ سے کراچی کی میمن برادری نے بھی صوبے میں ایک مکمل صنعتی پارک بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :