پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے ، بلاول بھٹوزرداری

آئیے کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر،امن کا گہوارا بنانے بشمول ہر شہری کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی کیلئے ہم سب مل کر کام کریں، گزشتہ 8ماہ سے پیپلزپارٹی میں شامل ہونیوالے دیگر جماعتوں کے 100سے زائد عہدیداران و کارکنان سے خطاب

ہفتہ 6 مئی 2017 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ صوبائی دارالحکومت کراچی کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کردیں۔ کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر اور امن کا گہوارا بنانے بشمول ہر شہری کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی کے لئے آئیے ہم سب مل کر کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ 8 ماہ کے دوران پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے دیگر جماعتوں کے 100 سے زائد عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی لیبر ونگ کے سابق مرکزی صدر زبیر خان، نعیم شیخ، کورنگی ٹائون کے سابق ناظم شیخ محمد فیروز، فرح شیخ، ثمینہ سلام اور دیگر شامل تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی تمام طبقات اور پورے پاکستان کی پارٹی ہے اور اس کے بانی قیادت کا یہی وژن تھا کہ پاکستان کی بھاگ دوڑ عوام کے ہاتھوں میں دے کر اسے مضبوط جمہوری مملکت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی حقوق کے حصول اور ملک کے لئے آگے بڑھ کر عوام کی قیادت کرنے کا طویل تجربہ رکھتی ہے۔ انہوں نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی امیدواران کراچی میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ شہر کی عوام کی خدمت کرنے کے مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کے لئے نئے آنے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھٹو ازم کے پیغام کو بڑھانے کے لئے پچار کریں گے اور حکومت سندھ کے متعلق منفی تاثر کو بھی ختم کریں گے۔ پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، راشد ربانی، سینیٹر سعید غنی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :