پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ،اب پائیدار اقتصادی شرح نمو پر توجہ دی جا رہی ہے،سینیٹر اسحاق ڈار

ترقی پذیر ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غربت کی شرح میں کمی کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ایشیاء میں بہترین اقتصادی ترقی کی وجہ سے غربت کے خاتمہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے خطہ کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے عدم مساوات کا خاتمہ ضروری ہے،پاکستان کے وژن 2025ء کے تحت انسانی وسائل اور سماجی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ کا گول میز مذاکرہ سے خطاب

ہفتہ 6 مئی 2017 22:24

یوکوہاما (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے ،اب پائیدار اقتصادی شرح نمو پر توجہ دی جا رہی ہے،ترقی پذیر ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غربت کی شرح میں کمی کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ایشیاء میں بہترین اقتصادی ترقی کی وجہ سے غربت کے خاتمہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خطہ کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے عدم مساوات کا خاتمہ ضروری ہے۔

ہفتہ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے 50ویں سالانہ اور بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے موقع پر بڑھتی ہوئی عدم مساوات کے موضوع پر منعقدہ گول میز مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غربت کی شرح میں کمی کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں ایک لاکھ پچیس ہزار افراد روزانہ غربت سے نکل رہے ہیں اور ایشیاء میں بہترین اقتصادی ترقی کی وجہ سے غربت کے خاتمہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے بڑھتے ہوئے عدم مساوات کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صرف آمدنی میں تضاد ہی عدم مساوات کا بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے عدم مساوات کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وژن 2025ء کے تحت انسانی وسائل اور سماجی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو پائیدار اور متوازن شرح نمو کے لئے ضروری ہے جس سے جغرافیائی اور سماجی عدم مساوات کے خاتمہ کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا کہ پاکستان کی جمہوری حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ معاشرے کے تمام افراد کو معاشی ترقی سے استفادہ کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں اور بالخصوص زیادہ متاثر طبقات کو اس حوالے سے اہمیت دینی چاہیے۔ عدم مساوات کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت غریب طبقات کو صحت اور تعلیم کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ ہنرمندی، قدرتی آفات کے نقصانات سے تحفظ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مختص بجٹ میں مسلسل اضافہ کے ذریعے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر ترقیاتی شراکت دار عدم مساوات کے مسئلہ کے حل کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔