ترقیاتی منصوبوں کے لئے غیر ملکی فنڈنگ کے منصفانہ اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ،ْ وزیر خزانہ اسحاق ڈار

منصوبوں پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد سے حکومت کے بلند شرح نمو کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی ،ْاجلاس سے خطاب

منگل 2 مئی 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے غیر ملکی فنڈنگ کے منصفانہ اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ،ْ منصوبوں پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد سے حکومت کے بلند شرح نمو کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔ وہ منگل کو یہاں اقتصادی امور ڈویژن کے سینئر حکام کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے غیرملکی فنڈنگ سے شروع کئے گئے منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو ایشیائی ترقیاتی بنک، ڈی ایف آئی ڈی، عالمی بنک اور اے آئی آئی بی سمیت مخلتف ترقیاتی شراکت داروں کی مالی معاونت سے جاری اور نئے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقتصادی امور ڈویژن میں منعقدہ پاک جرمن مزاکرات برائے اقتصادی تعاون کے متعلق بھی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف شراکت داروں کی معاونت سے منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کی خوشحالی اور معاشی بہتری لانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے ان منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے جاپان میں ایشیائی ترقیاتی بنک کی گولڈن جوبلی کے اجلاسوں میں شرکت کے سلسلے میں پاکستانی وفد کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ اے ڈی بی کے پچاس سالہ سالانہ اجلاس 4 سے 7 مئی تک جاپان کے شہر یوکوہاما میں ہو رہے ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :