سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیلئے خصوصی بینچ تشکیل دیدیا

تین رکنی بینچ دوپہر ڈیڑھ بجے پانا ما کیس کی سماعت کریگا ،ْ فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا جائیگا

منگل 2 مئی 2017 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء) سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات سے متعلق جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے تین رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیدیا۔

(جاری ہے)

منگل کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کیلئے جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ تشکیل دے دیا جس میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کا خصوصی بینچ (آج) بدھ کو دوپہر ڈیڑھ بجے پاناما کیس کی سماعت کرے گا جس میں کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے 20 اپریل کو پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں اکثریتی ججوں کے فیصلے پر کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔