کراچی : اپنے اتحاد اور قربانی سے مزدوروں نے اپنا حق چھینا، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کوکوئی مزدوروں سے جدا نہیں کر سکتا ہے اور نہ ہی محنت کشوں کے دلوں سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی محبت کو نکالا جاسکتا ہے یوم مئی مزدوروں اور محنت کشوں کا دن ہے جب محنت کشوں نے دنیا بدل ڈالی آج کا دن مزدوروں کی جدوجہد عظمت کے نام ہے مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے پچاس کروڑ روپے آج جاری کیئے جا رہے ہیں،چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم مئی کی تقریب سے خطاب

پیر 1 مئی 2017 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوم مئی مزدوروں اور محنت کشوں کا دن ہے جب محنت کشوں نے دنیا بدل ڈالی اور انہوں نے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کی اور اپنے اتحاد اور قربانی سے مزدوروں نے اپنا حق چھینااور آج کا دن مزدوروں کی جدوجہد عظمت کے نام ہے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاوس کے بینکیوٹ ہال میں محکمہ محنت و انسانی وسائل کے ورکرز ویلفئر بورڈ کی جانب سے یوم مئی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، پیپلز پارٹی کے صوبائی وزرائ ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، لیبر رہنماؤں اور مزدور اور محنت کش طبقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس وقت پارٹی کی داغ بیل ڈالی جب ملک میں مارشل لائ اور 22 خاندانوں کی اجاراداری تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوکوئی مزدوروں سے جدا نہیں کر سکتا ہے اور نہ ہی محنت کشوں کے دلوں سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی محبت کو نکالا جاسکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزدور دوست لیبر پالیسی پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی دی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ادارے قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پچھلے دور میں مزدوروں کو کارخانوں اور اداروں میں بارہ فیصد حصہ داری دینے کا فیصلہ کیا جس پر نواز حکومت نے عملدرآمد روک دیا۔ بلاول بھٹونے کہا کہ نواز حکومت مزدور دشمن حکومت ہے، نواز شریف کی حکومت اربوں روپے کی اورنج ٹرین تو بناتی ہیں لیکن انہوں نے مزدوروں کیلئے ایک اسپتال نہیں بنایا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت مزدوروں کے لئے کام کرنا چاہتی ہے لیکن وفاق حکومت تعاون نہیں کر رہی۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ای او بی آئی سوشل سیکیورٹی کے پروگرام میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے، دیہاتیوں اورمزدوروں کو بھی سوشل سیکورٹی میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سوشل سکیورٹی کے ادارے کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔

انہوں نے ایک جامع لیبر پالیسی کی تشکیل پر زور دیا جس میں مزدوروں کے تمام مسائل کا حل ہو۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ لیبر کورٹس اپنا مقصد پورا نہیں کرہی اور لیبر کورٹس سے انصاف کا ملنا ناممکن ہو چکا ہے۔ بلاول بھٹونے کہا کہ ہمیں پبلک سیکٹر کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ سیکٹر پر بھی توجہ کی ضرورت ہے، ٹھیکیدار نظام کو ختم ہونا چاہئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم مئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج محنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے پر ہم آپ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔ آپ لوگوں کی صنعتی ترقی اور تعمیرنو میں جو کردار ادا کیا ہے اس کی ہم سب اور پوری دنیا متعرف ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ کے ہاتھوں میں جادو ہے اور آپ کو ’الکاسب حبیب اللہ‘ یعنی آپکو اللہ کا دوست کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدورں، ہاریوں، اور محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قانون سازی کی بنیاد رکھی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ تھی وہ اس سے ظاہر ہے کہ شہید بھٹو آپ کے ساتھ تھا، پھر محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے آپ کا ہاتھ تھاما اور آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آپ کے درمیان ہیں۔

ہم تیسری جنریشن سے آپ کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ حکومت نے پانچ برسوں میں 18ویں ترمیم کے بعد13 قوانیں منظور کروائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے پچاس کروڑ روپے آج جاری کیئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم مئی کہ دن چھٹی کا اعلان، کم از کم اجرت(Minimum Wage) اور آپ کے لئے EOBI اور دیگر اہم ادارے قائم کیے جس میں نہ صرف آپ لوگوں کی ملازمتیں محفوظ بنائی گئی بلکہ آپ کو ریٹائرمینٹ ے فوائد بھی پہنچائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محنت کشوں کو حقوق دلانے کے لئے قانون سازی کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت محنت کشوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد ہم نے مزدوروں سے متعلق 13 قوانین سندھ اسمبلی سے منظور کرائے ہیں جب کہ مزید کئی بلز ابھی زیر غور ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر نے بھی آپ لوگوں کے لئے بہت کام کیا۔

صدر آصف علی زدراری نے 18 ویں ترمیم کے تحت مزدوروں کو وہ سب ادارے وفاق سے لے کر صوبوں کو منتقل کئے جن پر وفاق نے اپنی اجاراداری قائم کی ہوئی تھی۔ آپ کی سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے EOBI،WWB، WPF، کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور نہ صرف آپکی ملازمتوں اور ریٹائرمنٹ کو تحفظ دے رہے ہیں بلکہ ہم آپ کی اور آپ کے خاندان کو صحت اور تعلیم کی سہولیات نہ صرف دے رہے ہیں بلکہ اس کو مزید بہتر بھی کر دہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے آپ کے لئے جو احسن آباد میں رہائشی اسکیم بنائی تھی ان کو خالی کروا کر آپ کے حوالے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی حکومت نے صنعتکار اور مزدور میں ایسے تعلقات قائم کئے ہیں جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ آپ کی حکومت آپ کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم، کتابیں، یونیفارم وغیرہ کا بخوبی انتظام کرتی ہے اور آج آپ کے بچے ڈاکٹر اور انجنیئر بن رہے ہیں۔

یہ آپ کی اور ہماری کمٹمینٹ کا نتیجہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پیپلز پارٹی کے وفات پاجانے والے مزدور رہنماؤں خواجہ محمد اعوان اور لطیف مغل کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کی بیواؤں اور بچیوں کی شادی کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے اور مجموعی طور پچاس کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔