دہشتگردی کے خطرے کی رپورٹس مسترد، وزیر داخلہ کی پی او ایف میں یوم مئی کے سلسلے میں تقریب میں شرکت،اگر سیکیورٹی ایجنسیاں پی او ایف جیسے حساس ادارے کو محفوظ نہیں کر سکتیں تو یہ انکی کارکردگی اور صلاحیت پر سوالیہ نشان ہے،اگر پی او ایف کا مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پروا نہیں، چوہدری نثار

پیر 1 مئی 2017 22:30

اسلام آباد /واہ۔ یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان آرڈیننس فیکٹری(پی او ایف ) میںیوم مئی کے سلسلے میں مزدوروں کی تقریب پر دہشت گردی کے خطرے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کی۔وزیر داخلہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیکیورٹی ایجنسیاں پی او ایف جیسے حساس ادارے کو محفوظ نہیں کر سکتیں تو یہ انکی کارکردگی اور صلاحیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے،اگر پی او ایف کا مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پروا نہیں۔

پیر کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق متعلقہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے وزارت داخلہ کو رپورٹ دی گئی کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ میں دہشت گرد کاروائی کا خطرہ ہے، یوم مئی کے سلسلے میں مزدوروں کی تقریب پر دہشت گردی کی کاروائی ہو سکتی ہے ، اسلئے تقریب کو منسوخ کیا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیکیورٹی ایجنسیاں پاکستان آرڈیننس فیکٹری جیسے حساس ادارے کو محفوظ نہیں کر سکتیں تو یہ انکی کارکردگی اور صلاحیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہو سکتا ہے۔

اگر پی او ایف کا مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پروا نہیں۔ یکم مئی کو پی او ایف ملازمین کی تقریب سالہا سال سے ہو رہی ہے اور انشا اللہ اس بار بھی پروگرام کے مطابق ہو گی اور مجھ سمیت باقی وفاقی وزارء اس میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں اور مزدوروں کی فلاح وبہبود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے ملازمین کے لئے 1.2 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یکم مئی کے حوالے سے پی او ایف واہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی باضابطہ منظوری کے بعد اعلان کئے گئے خصوصی پیکج کے مطابق پی او ایف کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور انہیں دو سالانہ انکریمنٹس بھی دی جائیں گی، یہ پیکج یکم مئی 2017ء سے نافذ العمل ہوگا۔ پی او ایف کے ملازمین یکم جون کو اپنی تنخواہیں اس پیکج کے مطابق حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار چوہدری تنویر حسین اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ میں اس حلقے سے منتخب نہیں ہوا یہ بات میں گلے کے طور پر نہیں کر رہا اگر ایسا ہوتا تو اس علاقے میں ساڑھے تین سال کے دوران 15ارب روپے کے ترقیاتی کام نہ ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ آج میں ووٹ لینے نہیں آیا میں تو اپنی طرف سے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور حکومت کی طرف سے یوم مزدور کے موقع پر آپ کو مبارک باد اور شکاگو کے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مزدورں پر مشکل وقت آئے گا میں حکومت میں ہوا یا اپوزیشن میں میری آواز مزدور کے ساتھ ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے ملازمین مجاہد ہیں ان کی دن رات کی محنت سے دشمن کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں ۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار چودھری تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ محنت کشوں کی بہبود اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت مزدور طبقے کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ محنت کشوں کی خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کش افراد کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔