کراچی پریس کلب پر نواز لیگ اورپی ٹی آئی کے کارکنان کا سامنا، آپس میں گتھم گھتا ہو گئے

دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد (ن) لیگ دوسری بڑی جماعت ہے، ہمارے کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی،سنیٹرنہال ہاشمی ہمارے کارکنان پرامن تھے،مخالفین کی جانب سے گالم گلوچ کی گئی، کارکنان کی ریلی لیاری سے آرہی تھی جسے مزار قائد پہنچنا تھا، عمران اسماعیل نون لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو نواز لیگ کے رہنما ذمہ دار ہوں گے، فیصل واوڈا

اتوار 30 اپریل 2017 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مئی ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) اورتحریک انصاف کے کارکنان آپس میں گتھم گھتا ہو گئے، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔انتظامیہ نے کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس طلب کر لی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تحت اتوار کوکراچی پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز نہ دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس دوران پریس کلب پر آنے والی پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں موجود کارکنوں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا اور ہاتھا پائی ہوئی۔دونوں جانب سے پارٹی قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے کارکنان نے گو نواز گو کا نعرہ لگایا تو جواب میں نون لیگی کارکنان نے رو عمران رو کے زور دار نعرے لگائے۔

ایک موقع پر بات گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی تک جا پہنچی، تاہم صورتحال پو پولیس نے جلد قابو پالیا اورکسی کارکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، بعد ازاں پی ٹی آئی کی ریلی اپنے مقام کی جانب روانہ ہوگئی۔اس حوالے سے سینیٹر نہال ہاشمی نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ مسلم کے کارکنان اتوار کو سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز نہ دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے لیے جمع تھے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے مسلم لیگ (ن) کے قائدین کے خلاف نعرے بازی کی ، جواباً ہمارے کارکنان نے بھی نعرے بازی ، جس پر پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوکرلیگی کارکنان پر حملہ کردیا ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد (ن) لیگ دوسری بڑی جماعت ہے، ہمارے کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی،مسلم لیگ ن پرامن جماعت ہے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما اسد عثمانی نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پرامن احتجاج کررہے تھے کہ پریس کلب کی جانب آنے والی پی ٹی آئی کی ریلی میں شامل کارکنان نے ہمارے کارکنوں پر حملہ کیا اور انہیں مارا پیٹا جبکہ پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان دوا خان صابر نے میڈیا کو بتایا کہ پریس کلب کے باہر ہونے والی ہنگامہ آرائی کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) ہے۔

ان کے کارکنان نے پہلے ہم پر حملہ کیا اور ہمارے کارکنان کو مارا پیٹا۔ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان پرامن تھے،مخالفین کی جانب سے گالم گلوچ کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کی ریلی لیاری سے آرہی تھی جسے مزار قائد پہنچنا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فیصل واوڈا نے اپنے ردعمل پر کہاکہ نون لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو نواز لیگ کے رہنما ذمہ دار ہوں گے۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ پریس کلب پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان کے خلاف ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے موقع پر صورت حال پر قابو پالیا تاہم کسی کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔