کراچی کے عوام امن، ترقی و خوشحالی کے سفر میں وزیراعظم کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا،سینیٹر نہال ہاشمی

مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی بنیاد پر وفاق کے علاوہ چاروں صوبوں سے اکثریت حاصل کر کے صوبائی حکومتیں بھی بنائے گی، جلسہ عام سے خطاب

اتوار 30 اپریل 2017 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مئی ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام امن، ترقی و خوشحالی کے سفر میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں، سیاسی مخالفین کو 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا کیونکہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی بنیاد پر وفاق کے علاوہ چاروں صوبوں سے اکثریت حاصل کر کے صوبائی حکومتیں بھی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی کے ضلع غربی میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سندھ کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی، یوتھ ونگ سندھ کے صدر راجہ انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے قوم کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈال کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں عوامی خدمت کے حوالے سے آج تک کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترقی و خوشحالی کے سفر کو ملک بھر میں پھیلا دیا ہے جس کے ثمرات سی پیک کی صورت میں کے پی کے میں بھی نظر آ رہے ہیں۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کی الزام تراشی کی سیاست سے عوام بیزار آ چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے پی کے میں بھی اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں کی خستہ حالی دیکھ کر پیپلز پارٹی کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کرپشن اور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور صوبہ بھر کی حالت عوام کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کس منہ سے وزیراعظم محمد نواز شریف پر تنقید کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور حکومت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا اور ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا، وزیراعظم محمد نواز شریف نے بجلی بحران کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر توانائی منصوبوں کا آغاز کیا جس سے توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور انشاء اللہ 2018ء میں بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوتھ ونگ سندھ کے صدر راجہ انصاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے کراچی کے امن وامان کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر کے شہر قائد کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا دیا جبکہ شہر سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ وفاقی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں مضبوط ہو رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ جلسہ عام سے دیگر مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔