کراچی، آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع برقرار ، سماعت 2مئی تک ملتوی

جمعرات 27 اپریل 2017 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت 2مئی تک ملتوی کردی ہے۔آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کو کام سے روکا جا رہا ہے، سندھ حکومت کے رویے کا اثر امن و امان پر پڑ رہا ہے جس سے پولیس اہلکاروں کا مورال بھی گر رہا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس عملی طور پر بغیر سربراہ کے کام کر رہی ہے، آئی جی سندھ کو بے اختیار کر دیا گیا ہے اور انہیں کسی بریفنگ اور سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں نہیں بلایا جا رہا۔

(جاری ہے)

ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وفاق کو صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، عدالت معاملے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے جب کہ درخواست گزار بیرسٹر فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس کو بااختیار اور غیر سیاسی ہونا چاہیئے، پولیس کو غیر سیاسی بنانے اور ٹھوس اصلاحات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔جسٹس منیب اختر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے آپ علیحدہ درخواست دائر کریں ہم حکم جاری کریں گے، عدالت نے کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی

متعلقہ عنوان :