آرمی چیف کی ہدایت پر لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں پاک فوج کے اعلی سطحی وفد کا دورہ افغانستان

قائمقام افغان وزیر دفاع طارق شاہ اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل محمد شریف سے ملاقاتیں آرمی چیف کی جانب سے مزار شریف پر دہشت گردی کے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار ، زخمیوں کا پاکستان میں مفت علاج کروانے کی پیشکش

جمعرات 27 اپریل 2017 23:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات پر چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں پاک فوج کے اعلی سطحی وفد نے جمعرات کو افغانستان کا دورہ کیا۔وفد نے افغانستان کے قائمقام وزیر دفاع طارق شاہ اور افغانستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل محمد شریف سے ملاقاتیں کیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے افغان حکام کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مزار شریف پر دہشت گردی کے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار تعزیت کی اور اس مشکل گھڑی میں افغان فوج اور عوام کے ساتھ یکجہتی کاا ظہارکیا۔پاکستان کے اعلی سطحی فوجی وفد نے افغان حکام کومزار شریف حملے میں زخمی ہونے والوں کا پاکستان میں مفت علاج کروانے کی بھی پیشکش کی ۔

(جاری ہے)

وفد نے سرحدی انتظام کے حوالے سے باہمی اقدامات سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی ۔ افغان حکام کو بتایا گیا کہ پاک فوج نے سرحدی علاقے کے قریب اپنی طرف سکیورٹی فول پروف کر دی ہے اور اس بات کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں کہ اپنی زمین کو افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ۔پاکستانی وفد نے بتایا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے لئے مشترکہ دشمن ہیں جنھیں شکست دی جائے گی ۔