شریف خاندان شوگر ملیں منتقلی کیس میں یوسف عباس شریف سمیت تین افراد 8مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب

ملیں منتقلی سے کپاس ،پانی کو کتنا نقصان پہنچا اس کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیشن قائم کیا جائے گا جو وہاں جا کر تمام صورتحال کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گا‘ لاہور ہائیکورٹ

بدھ 26 اپریل 2017 17:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شریف خاندان شوگر ملیں منتقلی کیس میں یوسف عباس شریف سمیت تین افراد کو 8مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے روبرو تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے وکیل اعتزاز احسن نے دلائل دیئے کہ پابندی کے باوجود ایک خاندان کو فائدہ پہنچانے کے لیے شوگر ملوں کی منتقلی پر عائد پابندی ختم کی گئی،ان ملوں کی منتقلی کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں پانی اور کپاس کی فصل کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔

جس پر فاضل چیف جسٹس نے قرار دیا کہ جو ملیں پہلے سے منتقل کی گئیں ان سے کپاس اور پانی کو کتنا نقصان پہنچا اس کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیشن قائم کیا جائے گا جو وہاں جا کر تمام صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گا ۔جبکہ جنوبی پنجاب کے عوام کا تحفظ بھی عدالت کی ذمہ داری ہے ۔ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود کرشنگ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر فاضل بینچ نے یوسف عباس شریف ،جاوید شفیع اور حسیب ریاض کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔