کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

ملزموں کا تعلق ٹی ٹی پی اور جنداللہ سے تھا جو اہم تنصیبات کی ریکی کرتے تھے، راجہ عمر خطاب

منگل 25 اپریل 2017 18:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)شہرقائد کے علاقے اردو بازار میں گزشتہ رات ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق فلیٹ کے مالک محمد حفیظ نے ڈھائی ماہ قبل مشکوک افراد کو فلیٹ کرائے پر دیا تھا اور کرایہ داری ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن میں اندراج بھی نہیں کرایاتھا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد نعیم کا تعلق پشین سے تھا جس نے اپنی بیوی کے علاج کے نام پرفلیٹ میں رہائش اختیارکی تھی جب کہ مقابلے کے دوران دھماکہ خیزمواد پھٹنے سے نعیم اپنی بیوی اور 5سال کی بچی سمیت مارا گیا۔نعیم اچکزئی ٹیکسی چلاتا تھا۔ دوسرے دہشت گرد کی شناخت زاہد اور تیسرے کی حمید کے نام سے ہوئی ہے، فلیٹ کا مالک محمد حفیظ چائے کے ہوٹل کا مالک بھی ہے اور مارے گئے دہشت گرد نعیم کا ماموں زاد بھائی بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفتیشی اداروں نے ہلاک دہشت گردوں کے زیراستعمال ٹیکسی جس کا نمبر پی ایچ 2487 ہے کو بھی قبضے میں لے لیا ہے جب کہ کوئٹہ اور پشاور سے بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔چار زیر حراست ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔اس ضمن میں سی ٹی ڈی کے انچارج ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزموں کا تعلق ٹی ٹی پی اور جنداللہ سے تھا جو اہم تنصیبات کی ریکی کرتے تھے۔ فرانزک ٹیم نے فلیٹ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ ڈی آئی جی کراچی جنوبی آزاد خان اور ایس ایس پی کراچی جنوبی نے بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :