پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم محمد نواز شریف پر اعتماد کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

پیر 24 اپریل 2017 23:25

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم محمد نواز شریف پر اعتماد کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ۔ سوموار کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ معزز ایوان وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد نواز شریف کی متحرک ،ْ فعال اور مدبرانہ قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے ۔

ایوان مسرت کے ساتھ اس حقیقت کا اظہار کرتا ہے کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی ،ْ خوشحالی اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لئے وزیراعظم کی قیادت ہی امید و یقین کی روشن مشعل ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لئے ،ْ امن و امان سے ہمکنار کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کا تاریخی منصوبہ ان کے نام کے حوالہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ایوان ایسے عناصر کی سرگرمیوں کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو ملک کو انتشار ،ْ بے یقینی اور انارکی میں دھکیلنے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ یہ ایوان محسوس کرتا ہے کہ اب تمام سیاسی قوتوں کو اپنی پوری توجہ 2018ء کے انتخابات پر مرکوز کر دینی چاہئے تا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی توانائیاں تعمیر و ترقی کے لئے وقف کر دے۔ قرارداد پیش کرنے سے قبل اپوزیشن اراکین واک آئوٹ کر گئے جس پر قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔