نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں انوکھے لاڈلے کے کہنے پر مستعفی نہیں ہوں گے ‘ خواجہ سعد رفیق

آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کاخیبر پختوانخواہ ، پیپلز پارٹی کا سندھ سے صفایا ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں ‘ وزیر ریلویز

اتوار 23 اپریل 2017 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اپریل ء)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست نہ صرف ملک و قوم بلکہ ان کی اپنی جماعت کیلئے بھی سود مند نہیں ،سیاسی مستقبل تاریک ہوتا دیکھ کر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں،نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس کے ثبوت عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں ۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ کرپشن اور پیپلز پارٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور پوری قوم اس سے آگاہ ہے ۔پیپلزپارٹی آج چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہے لیکن وہ اس سے اپنا اصل چہرہ نہیں چھپا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں عجیب طرح کا رویہ متعارف کرایا ہے ،عمران خان کو نواز شریف فوبیا ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں وہ انوکھے لاڈلے کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں ۔

سعد رفیق نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے سب کو اپنے اپنے رویوں پر غور کرنا ہوگا ،جب ہماری قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا تو اس کا جواب بھی آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی توانائیاں فضول سر گرمیوں میں خرچ کرنے کی بجائے خیبر پختوانخواہ پر توجہ دیں اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں کریں ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کاخیبر پختوانخواہ اور پیپلز پارٹی کا سندھ سے صفایا ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں ۔