ہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اور اوڑھنا بچھونا عوام کی خدمت ہے،رواں سال وعدوں کی تکمیل کا ہے‘شہبازشریف

سابق حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دری سے لوٹا اور غریب قوم کا حق چھینا،ان خائنوں کے کڑے احتساب کا وقت آگیا ہے اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالوں نے بھی غریب قوم کا خون چوسا ہے، قرض معاف کرانیوالوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا‘دور آمریت کے حکمرانوںنے قومی وسائل کی لوٹ مار اور اپنی سیاہ کاریوں میںکوئی کسر نہ چھوڑی‘ وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 23 اپریل 2017 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اپریل ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور اوڑھنا بچھونا عوام کی خدمت ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت کا ایجنڈا کامیابی سے آگے بڑھایا ہے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ء کے انتخابات میں عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھی ہے اور عوام سے کئے گئے ہروعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، رواں سال وعدوں کی تکمیل کا سال ہے ، جاری توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اس سال کے آخر تک ملک سے ہمیشہ کیلئے اندھیرے چھٹ جائیں گے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دنیا کا عظیم ترین ملک بنے گا ،باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کا 2018ء کے عام انتخابات میں محاسبہ کریں گے - وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا ہے - ماضی کے 70برس کے دوران قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیااوروسائل کی بندر بانٹ کر کے قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیاگیا۔ انہوںنے کہا کہ وسائل کا شفاف اور دیانتدارانہ استعمال یقینی بنا کرپاکستان مسلم لیگ(ن) نے نئی تاریخ رقم کی ہے اور قومی وسائل کی پائی،پائی ایمانداری سے فلاح عامہ کے پروگراموں پر صرف کی گئی ہے - انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور غریب قوم کا حق چھینا - قوم کو اندھیرو ںمیں دھکیلنے کے مجرم بھی سابق حکمران ہی ہیں - غریب قوم کی خون پسینے کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے خائنوں کے کڑے احتساب کا وقت آگیا ہے اورقومی دولت لوٹنے والے خائنوں کابے رحم احتساب ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے - پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں بلکہ صرف خدمت کی سیاست ہو گی -مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلا جواز تنقید کرنے والے عوام کی خوشیوں کے قاتل ہیں - انہوںنے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو غریبوںکی محرومیوں کا خاتمہ گوارا نہیں - قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کے کڑے احتساب سے ہی الزامات کی سیاست ختم ہو گی- انہوںنے کہا کہ قومی وسائل لوٹنے والے پارسائی کے دعوے کریں اور کرپشن کے خاتمے پر لیکچر دیں ، یہ قابل افسوس ہے - اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالوں نے بھی غریب قوم کا خون چوسا ہے - قرض معاف کرانے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ باشعور عوام لوٹ مار کر کے قوم کو کنگال اوردھرنے دے کر معیشت کا دھڑن تختہ کرنے والوں کوہرموقع پر مسترد کرچکے ہیں- دور آمریت کے حکمرانوںنے قومی وسائل کی لوٹ مار اور اپنی سیاہ کاریوں میںکوئی کسر نہ چھوڑی- مشرف کے حواریوں نے چنیوٹ کے خزانوں کا ٹھیکہ اپنی من پسند کمپنی کو بغیر ٹینڈرنگ دے کر بد ترین ڈاکہ زنی کی - انہوںنے کہا کہ ان حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر زمینو ںکا کاروبار کیا اور پنجاب بنک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا- ان لٹیروں نے قومی وسائل پر بدترین ڈاکہ زنی کر کے امیر قوم کو غریب کر دیا ہے ۔