سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ ،ْ احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ

تمام جماعتوں کا موقف بہت واضح ہے، حکومت کو اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ پیغام جانا چاہیے ،ْخورشید شاہ شیخ رشید نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو وزیراعظم کے استعفے کیلئے گرینڈ الائنس بنانے کی تجویز دیدی

جمعہ 21 اپریل 2017 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)سینٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جمعہ کو سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کااجلاس خورشید شاہ اور اعتزاز احسن کی سربراہی میں ہوا اجلاس میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اجلاس میں شریک تھے تاہم عمران خان نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاسوں میں بھرپور احتجاج کافیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ تمام جماعتوں کا موقف بہت واضح ہے، حکومت کو اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ پیغام جانا چاہیے، ہمیں احتجاج کرنا چاہیے۔ نواز شریف استعفا دے کر پارلیمنٹ کو بچائیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم سسٹم گرانا نہیں چاہتے لیکن وزیر اعظم کو گھر جانا پڑے گا، ہم جے آئی ٹی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ،ْ مسترد کرتے ہیں ،ْسپریم کورٹ نے ان اداروں کو تہس نہس کیاہے ،ْحکومت کے ماتحت افسران کیا تحقیقات کریں گی نجی ٹی وی کے مطابق شیخ رشید نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو وزیراعظم کے استعفے کیلئے گرینڈ الائنس بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اکٹھی ہوگئی ہے اور مل کر وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگیں گے۔