قومی اسمبلی ، پیپلز پارٹی کا کارکنوں کو لاپتہ کرنے اور حکومتی جواب نہ دینے کیخلاف ساتویں روز بھی واک آئوٹ

مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی آئی اس نے پارلیمنٹ کو کمزور کیا، آج کی پارلیمنٹ میری سیاسی تاریخ میں سب سے زیادہ کمزور ہے، مشرف دور کی پارلیمنٹ اس سے زیادہ مضبوط تھی،آج پارلیمنٹ کے کان بند کردیئے گئے ہیں،ثابت ہوگیا ہے کہ سپیکر اور حکومت بے بس ہوگئے ہیں،ڈان لیکس میں شریف وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، آگ کو بجھانے کی کوشش کی گئی مگر ڈان لیکس کی آگ اب بجھے گی نہیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 20 اپریل 2017 15:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء) قومی اسمبلی سے پیپلز پارٹی نے سیاسی کارکنوں کو لاپتہ کرنے اور حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہ دینے کیخلاف احتجاجاً مسلسل ساتویں روز بھی واک آئوٹ کیا ۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی آئی اس نے پارلیمنٹ کو کمزور کیا، آج کی پارلیمنٹ میری سیاسی تاریخ میں سب سے زیادہ کمزور ہے، مشرف دور کی پارلیمنٹ اس سے زیادہ مضبوط تھی،آج پارلیمنٹ کے کان بند کردیئے گئے ہیں،ثابت ہوگیا ہے کہ سپیکر اور حکومت بے بس ہوگئے ہیں،ڈان لیکس میں شریف وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اور آگ کو بجھانے کی کوشش کی گئی مگر ڈان لیکس کی آگ اب بجھے گی نہیں۔

وہ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ آج ایک بار پھر یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ پارلیمنٹ ہی عوام کی نمائندگی اور ان کے حقوق کی حفاظت کرتی ہے،ہم دس دن سے یہ بات کرتے آرہے ہیں کہ 23ویں آئینی ترمیم پر کہا تھا کہ یہ سیاسی لوگوں کیخلاف استعمال ہوگا،مگر ہائی لیول اتھارٹی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ فوجی عدالتیں سیاسی لوگوں کے خلاف استعمال نہیں ہوں گی،جس پر ہم نے ترمیم پیش کی کہ 24گھنٹے کے اندر گرفتار افراد کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے جس کو بل میں شامل کیا گیا،دس دن سے حکومت سے پوچھ رہے ہیں مگر کوئی جواب نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ میری سیاسی تاریخ میں آج کی پارلیمنٹ سب سے زیادہ کمزور ہے،مشرف دور کی پارلیمنٹ اس سے زیادہ مضبوط تھی،آج پارلیمنٹ کے کان بند کردیئے گئے ہیں،اتنے بڑے فوم پر بھی کوئی جواب نہ آئے تو اس پارلیمنٹ کو جان بوجھ کر کمزور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی نے ہر بار اس پارلیمنٹ کو مضبوط کیا مگر جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی اس نے پارلیمنٹ کو کمزور کیا،آج فیصلے پارلیمنٹ کے باہر ہورہے ہیں،کیاپارلیمنٹ پانامہ کا فیصلہ نہیں کرسکتی تھی مگر مسلم لیگ (ن) نے خود ہی پارلیمنٹ کو کمزور کیا جسکی وجہ سے فیصلے پارلیمنٹ سے باہر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اخبار میں پڑھا کہ ڈان لیکس میں طارق فاطمی کو ہٹایا جارہا ہے،ڈان لیکس میں شریف وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اور ڈان لیکس کی آگ کو بجھانے کی کوشش کی گئی مگر ڈان لیکس کی آگ اب بجھے گی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہی حکومت کے ہاتھ پائوں پھول گئے تھے مگر پارلیمنٹ مضبوط تھی تو حکومت کو کچھ نہیں ہوا،آج حکومت اسی پارلیمنٹ کو کمزور کر رہی ہے،اس بار حکومت کو کوئی بچانے نہیں آئے گا،اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آئین کا تحفظ اور پارلیمنٹ کی عزت میں اضافہ ہم سب کا فرض ہے،مگر آج اس پارلیمنٹ کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے،گذشتہ دس دنوں سے بول رہے ہیں مگر کوئی جواب نہیں دیا جارہا ہے،ثابت ہوگیا کہ سپیکر اور حکومت بے بس ہوگئے ہیں۔